عام انتخابات کے پُرامن انعقاد پر قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں: آئی ایس پی آر

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ مسلح افواج ملک میں امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہیں اور ریاست کی جمہوری روایات کے تحفظ کے لیے غیر متزلزل حمایت فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔

09:47 PM, 8 Feb, 2024

نیا دور

پاک افواج نےملک بھر میں عام  انتخابات 2024 کے پُرامن انعقاد پر  قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ الیکشن پاکستان میں جمہوریت کو مزید مضبوط کرنے اور عوام کی امنگوں کو پورا کرنے کی راہ ہموار کرے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا  کہ ہم عام انتخابات کے پرامن اور تشدد سے پاک انعقاد پر قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مسلح افواج کو فخر ہے کہ انہوں نے مقدس انتخابی عمل کے انعقاد کے دوران سکیورٹی فراہم اور سول اداروں کی مدد کی اورآئین پاکستان کے مطابق اہم کردار ادا کیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق 6000 انتہائی حساس پولنگ سٹیشنوں پر 137000 فوجی اہلکاروں اور سول آرمڈ فورسز کی تعیناتی  اور 7800 سے زیادہ کوئیک رسپانس فورس کے دستوں کے ساتھ عوام کے لیے محفوظ ماحول کو یقینی بنایا گیا۔

51 بزدلانہ دہشت گردانہ حملوں کے باوجود، جو زیادہ تر کے پی اور بلوچستان میں ہوئے، جن کا مقصد انتخابی عمل کو متاثر کرنا تھا۔ سکیورٹی اہلکار پرعزم رہے۔ ان حملوں میں 12 افراد (جن میں سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 10 اہلکار شامل ہیں) نے شہادت قبول کی 39 دیگر زخمی ہوئے جبکہ مختلف کارروائیوں کے دوران 5 دہشت گرد بھی مارے گئے۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پورے پاکستان میں امن و سلامتی کو مؤثر طریقے سے یقینی بنایا گیا۔ فعال انٹیلی جنس اور فوری کارروائی کے ذریعے بہت سے ممکنہ خطرات کو بے اثر کر دیا گیا جو ہمارے شہریوں کے جمہوری حقوق کے تحفظ کے لیے ہماری سکیورٹی ایجنسیوں کے غیر متزلزل عزم کو ظاہر کرتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے جمہوری عمل کی حفاظت کے لیے مسلح افواج کے ساتھ مل کر کام کیا۔  ہمیں پوری امید ہے کہ ہماری قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور یہ الیکشن پاکستان میں جمہوریت کو مزید مضبوط کرنے اور عوام کی امنگوں کو پورا کرنے کی راہ ہموار کرے گا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ مسلح افواج ملک میں امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہیں اور ریاست کی جمہوری روایات کے تحفظ کے لیے غیر متزلزل حمایت فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا اور بلا تعطل 5 بجے تک جاری رہا۔ عام انتخابات کے دوران قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں کیلئے 882 خواتین اور 4 خواجہ سراؤں سمیت ملک کی تاریخ میں سب سے زیادہ امیدواروں نے حصہ لیا جن کی تعداد 17 ہزار 816 ہے۔  عام انتخابات کیلئے ملک بھر میں  12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760 ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

مزیدخبریں