کیا قربانی کے جانوروں پر بھی ٹیکس ادا کرنا پڑے گا؟

12:55 PM, 8 Jul, 2019

نیا دور

ایف بی آر کے چیئرمین شبر زیدی نے خوشخبری سناتے ہوئے کہاہے کہ حکومت نے کوئی بھی نیا ٹیکس عائد نہیں کیاہے اور مہنگائی کی وجوہات میں ڈالر کی قدر میں اضافہ بھی ایک وجہ ہے جبکہ مویشی منڈی میں بکروں کی خریداری پر کوئی ٹیکس عائد نہیں کیا گیاہے بلکہ یہ ایک افواہ ہے ۔





 تفصیلات کے مطابق شبر زیدی نے کہا کہ ماضی میں زیرو ریٹنگ کے مختلف تجربات ہوچکے ہیں، ٹیکسٹائل کی موجودہ صورت حال کے مطابق زیرو ریٹنگ ختم کرنے کا فیصلہ کیا، ٹیکسٹائل کے مختلف سیکٹرز کے لوگوں سے پہلے بھی بات چیت ہوئی ہے، دورے کا مقصد صنعتکاروں کے تحفظات سننا اور دور کرنا ہے۔


انہوں نے کہا کہ آٹھ مئی سے چارج لینے کے بعد آرڈر کیا تھا کسی کا اکاو¿نٹ فریز نہیں کریں گے، سیلز ٹیکس کی رجسٹریشن میں کرپشن تھی اسے آٹومیٹ کررہے ہیں، تمام مسائل کا حل آٹومیشن ہے، آٹو میشن کیلئے اب آسانیاں موجود ہیں۔


چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ کاروباری لوگوں کی مشاورت سے نظام کو بہتر کیا جائے گا، حکومت نے کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا ہے، کوئی شخص بتائے کہ کون سا نیا ٹیکس لگا ہے۔ چیئرمین ایف بی آر نے مویشی منڈی میں بکروں کی خریداری پر ٹیکس لگانے کی تردید کرتے ہوئے اسے افواہ قرار دیا۔




یاد رہےکہ علی معین نوازش کی طنزیہ ٹویٹ کے بعد کچھ ویب سائٹس اور اخبارات نے اس بات کو سچ سمجھ لیا کہ ایف بی آر کی جانب سے قربانی کے جانوروں کی خریداری پر بھی ٹیکس عائد کر دیا گیا ہے۔





مزیدخبریں