'جرنیلوں نے سی پیک رکوانے کیلئے ججوں اور میڈیا سے مل کر نواز شریف کو نکالا'

04:56 PM, 8 Jul, 2023

نیا دور
جرنیلوں نے ججوں اور میڈیا والوں کے ساتھ مل کر نواز شریف کے خلاف سازش کی اور صرف سی پیک بند کروانے کے لئے انہوں نے نواز شریف کو باہر نکالا۔ عامر غوری کے مطابق انہیں جرنیلوں نے خود بتایا کہ نواز شریف کا کوئی قصور نہیں تھا، انہیں صرف سی پیک رکوانے کے لئے سیاست سے نکالا گیا۔ یہ کہنا ہے سینیئر صحافی ابصار عالم کا۔

نیا دور ٹی وی کے ٹاک شو 'خبرسےآگے' میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کی تصویر نہ دکھانا سیٹھ میڈیا کی منافقت اور موقع پرستی ہے۔ جھوٹ بولنے، پروپیگنڈا کرنے میں اے آر وائی سب سے آگے تھا، انہوں نے قوم کے بچوں کو گمراہ کیا، 12 سال تک جھوٹ بولا، نوجوانوں کو تشدد پر اکسایا اور معاشرے کو تقسیم کر دیا۔ اے آر وائی نے آئی ایس پی آر کے ڈی جیز کے ساتھ مل کر فوج سے پیسہ نچوڑا اور پھر فوج پر حملہ کروا دیا۔ ان میں اتنی جرات ہونی چاہئیے کہ اب بھی عمران خان کی تصویر دکھائیں۔

رانا ابرار خالد نے بتایا کہ عمران خان نے توشہ خانہ کیس میں ٹرائل کو رکوانے کے لئے کئی حربے اور ہتھکنڈے استعمال کیے۔ 9 مئی کو عمران خان کی گرفتاری کے بعد ان پر فرد جرم لگ گئی جو استغاثہ کی بہت بڑی جیت تھی۔ اس کیس میں درجنوں مرتبہ ملزم عمران خان کو عدالت کی جانب سے ریلیف دیا گیا۔ مسلسل ملزم عمران خان اور ان کے وکیل کے پیش نہ ہونے کے بعد ایڈیشنل سیشن کورٹ اسلام آباد نے توشہ خانہ کیس کو قابل سماعت قرار دے دیا ہے۔

سینیئر صحافی مبشر بخاری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں میڈیا کے حوالے سے گنگا ہی الٹی بہہ نکلی۔ جن لوگوں کا میڈیا سے کوئی واسطہ نہیں تھا وہ میڈیا مالکان بن بیٹھے۔ ہیومن ریسورس ڈیپارٹمنٹ کو مضبوط کر کے ایڈیٹوریل پالیسی کو اپنے ہاتھوں میں لے لیا۔ پاکستان میں جب تک ڈیفے میشن لاز مضبوط نہیں ہوں گے، میڈیا کا قبلہ درست نہیں ہو سکتا۔

میزبان رضا رومی تھے۔ 'خبرسےآگے' ہر پیر سے ہفتے کی شب 9 بج کر 5 منٹ پر نیا دور ٹی وی سے پیش کیا جاتا ہے۔
مزیدخبریں