'پارٹی اور سیاست سے الگ ہوجائیں'، شاہ محمود قریشی کا عمران خان کو مشورہ

09:40 AM, 8 Jun, 2023

نیا دور
پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اندورنی کہانی سامنے آگئی۔ شاہ محمود نے عمران خان کو عارضی طور پر پارٹی اور سیاست سے الگ ہونے کا مشورہ دے دیا۔

ایک ماہ بعد جیل سے رہا ہونے کے بعد پی ٹی آئی وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے عمران خان سے زمان پارک میں ملاقات کی جو ایک گھنٹے تک جاری رہی۔ ملاقات کے بعد آفیشل بیان جاری کیا گیا نہ ہی پریس کانفرنس کی گئی تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں دونوں کے مابین تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔

https://twitter.com/PTIofficial/status/1666425762348449795?s=20

ذرائع کے مطابق سابق وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے عمران خان کو موجودہ صورتحال سے نکلنے کے لِیے کچھ آپشنز دیے ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے پارٹی چیئرمین کو کہا کہ آپ وقتی طور پر پیچھے ہٹ جائیں۔ بیرون ملک چلے جائیں یا اگر بیرون ملک نہیں جانا تو یہاں ہی رہیں مگر لب کشائی بند کردیں۔ ہمیں معاملات طے کر لینے دیں۔ معافی تلافی ہو لینے دیں۔ جب سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا تو آپ واپس تحریک انصاف کو سنبھال لیجئے گا۔ پی ٹی آئی پر مشکل وقت آیا ہے۔ جذباتی ہونے کی بجائے دانشمندانہ فیصلہ کریں۔

جس پر عمران خان برہم ہوگئے اور دونوں رہنماؤں کے مابین تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔

ذرائع نےدعویٰ کیا کہ شاہ محمود قریشی نے عمران خان سے کہا کہ ریٹائرڈ افراد سابق وزیر اعظم عمران خان کو گمراہ کر رہے ہیں  جو ان حالات میں پی ٹی آئی کی مدد بھی نہیں کرسکتے۔ اس پر عمران خان نے ناراضگی کا اظہار کیا اور بعد ازاں شاہ محمود قریشی زمان پارک سے کراچی روانہ ہوگئے۔

ڈان نیوز کی خبر کے مطابق پارٹی کے اندرونی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر عمران خان مقابلے یا محاذآرائی کی سیاست پر قائم رہے تو پارٹی مزید ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوسکتی ہے۔ پی ٹی آئی کو دوبارہ میدان میں آنے کے لیے کچھ وقت کی ضرورت ہے جو صرف اس صورت میں ممکن ہے جب عمران خان پارٹی اور سیاست سے الگ ہوجائیں۔

علاوہ ازیں، شاہ محمود قریشی سےملاقات میں تلخ جملوں کے تبادلے کے بعد عمران خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے عوام سے خطاب کیا اور اپنے پرانے بیانیے کو دہراتے ہوئے کہا کہ ان ظالموں نے میرے خلاف کئی کیس درج کردیئے ہیں۔ ہمارے 10ہزار لوگ جیلوں میں ہیں۔

انہوں نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ آخری دم تک لڑوں گا اور پیچھے نہیں ہٹوں گا۔ آج جمعرات کو اسلام آباد جارہا ہوں۔ میں تیار ہوں کہ یہ مجھے پھر سے پکڑ لیں گے۔
مزیدخبریں