ارشد شریف کی والدہ کی عمران خان کو بھی تفتیش میں شامل کرنے کی استدعا

12:12 PM, 8 Jun, 2023

حسن نقوی
کینیا میں قتل ہونے والے سینئر صحافی ارشد شریف کی والدہ نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان، فیصل واوڈا، سلمان اقبال، مراد سعید اور صحافی عمران ریاض کو شامل تفتیش کرنے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔

مقتول صحافی ارشد شریف کی والدہ نے ایڈووکیٹ شوکت عزیز صدیقی کے ذریعےدرخواست دائر کی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، فیصل واوڈا، مراد سعید، سلمان اقبال اور عمران ریاض کو شامل تفتیش کیا جائے۔



درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ارشد شریف کے قتل سے متعلق ان تمام افراد سے شواہد حاصل کئے جائیں۔ ارشد شریف کی والدہ نے مزید کہا ہے کہ مقدمہ کی حساسیت اور اہمیت کے پیش نظر سپریم کورٹ کے اقدام کو سراہتی ہوں۔ قتل کی تحقیقات پاکستان میں ہونے والی سازش سے شروع کی جائیں۔ کئی افراد نے ارشد شریف کے قتل کی سازش کے بارے میں جاننے کا دعویٰ کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ اور نہ ہی جے آئی ٹی کی رپورٹ فراہم کی گئی ہے۔ سپریم کورٹ سے استدعا ہے کہ جے آئی ٹی سربراہ کو ان 5 افراد کو تحقیقات میں شامل کرنے کا حکم دے۔

درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عدالت جے آئی ٹی کی رپورٹس فراہم کرنے کا بھی حکم دے۔
مزیدخبریں