ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے حمزہ شہباز کو پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی کا گرین سگنل دے دیا اور وزیراعلیٰ کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنے کی تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت بھی کر دی ہے۔
لیگی ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاق کے بعد پنجاب میں فوری طور پرعدم اعتماد کی موشن متوقع ہے، اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے تحریک پیش کرنے کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔
حمزہ شہباز نے پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کے اہم رہنماؤں کو عدم اعتماد کی موشن پرارکان کے دستخط لینے کی ہدایت دے دی ہے، حمزہ شہباز نے رہنماؤں کو تحریک عدم اعتماد کے مسودہ پر اہم نکات بھی لکھوا دیے۔
ن لیگ کی قانون سازی پر بنائی گئی کمیٹی کو مسودہ تیار کرنے کی ہدایت دے دی گئے ہے، قانونی کمیٹی مسودہ کو حتمی شکل دیکر حمزہ شہباز سے منظوری لے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب میں حکومت سازی کے لیے اپوزیشن 186 ارکان کی حمایت درکار ہے، حکومت کو اپوزیشن پر عددی برتری حاصل ہے، اپوزیشن اتحاد 172 ارکان پر مشتمل ہے۔
لیگی ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی کی کامیابی کے لیے ترین گروپ گیم چینجر ہوگا۔