سنی اتحاد کونسل کی جانب سے صدارت کے امیدوار محمود خان اچکزئی نے انتخاب سے ایک روز قبل صدارتی الیکشن ملتوی کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے جاری شیڈول کے مطابق نئے صدر پاکستان کے لیے کل انتخاب ہوگا تاہم الیکشن سے ایک روز سنی اتحاد کونسل کی جانب سے صدارت کے امیدوار اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے صدارتی الیکشن ملتوی کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
محمود خان اچکزئی نے اس حوالے سے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ صدر کے لیے الیکٹورل کالج مکمل نہیں ہے کیونکہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی کئی مخصوص نشستیں ابھی تک خالی ہیں۔
انہوں نے خط میں لکھا ہے کہ سنی اتحاد کونسل نے مخصوص نشستوں کے حصول کے لیے عدالتوں سے رجوع کر رکھا ہے اور یہ معاملہ اب عدالتوں میں ہے۔جب تک یہ مسئلہ حل نہیں ہوتا اور صدر کے انتخاب کے لیے الیکٹورل کالج مکمل نہیں ہوتا اس وقت تک صدارتی انتخاب کو ملتوی کیا جائے۔
تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ محمود خان اچکزئی کا خط الیکشن کمیشن کو مل گیا ہے تاہم یہ اب اس کی صوابدید پر ہے کہ وہ اس پر کیا فیصلہ کرتا ہے۔
واضح رہے کہ کل ہونے والے صدارتی الیکشن کے لیے حکومتی اتحاد کی جانب سے سابق صدر آصف علی زرداری جب کہ سنی اتحاد کونسل کی جانب سے محمود خان اچکزئی امیدوار ہیں۔
صدارتی انتخاب کے لیے کل قومی سمیت چاروں صوبائی اسمبلیوں میں پولنگ ہوگی۔
صدارتی انتخاب سے قبل آج صدر ڈاکٹر عارف علوی کو ایوان صدر میں الوداعی گارڈ آف آنر بھی پیش کر دیا گیا ہے۔