’ہمایوں سعید کو اداکاری نہیں آتی‘، ’نعمان اعجاز میرے باپ کا کردار ادا کریں گے‘: نعمان، ہمایوں فرینڈلی فائر جاری

01:27 PM, 8 May, 2020

نیا دور
پاکستان کے معروف اداکار و ہدایتکار واسع چوہدری کے ساتھ براہ راست ویڈیو سیشن میں اداکار نعمان اعجاز نے کچھ مشہور اداکاروں کی مہارت پر تبصرہ کیا، جس میں ہمایوں سعید، حمزہ علی عباسی، عدنان صدیقی اور ہولی ووڈ سٹار مارلن سمیت دیگر شامل تھے۔ اسی دوران نعمان اعجاز نے کہا کہ ہمایوں سعید ایسے ہی کام کرتے رہے تو ایک دن اداکاری سیکھ جائیں گے۔

اداکار نعمان اعجاز کا ہمایوں سعید کے حوالے سے تبصرہ انٹرنیٹ پر خوب وائرل ہو رہا ہے جس پر اب ہمایوں سعید کا ردعمل بھی سامنے آ گیا ہے۔

انٹرنیٹ پر وائرل ویڈیو میں نعمان اعجاز کہہ رہے ہیں کہ وہ انٹرنیٹ پرمختلف چیزیں دیکھ رہے تھے اور اسی دوران انہوں نے ہمایوں سعید کا ایک کلپ دیکھا تو انہیں لگا کہ وقت کے ساتھ اداکار بہت کچھ سیکھ جاتے ہیں لیکن ہمایوں ابھی تک نہیں کر پائے۔ مجھے یقین ہے کہ اگر ہمایوں سعید اسی طرح کام کرتے رہے تو وہ ایک دن حادثاتی طور پر اداکاری سیکھ ہی جائیں گے۔ انسان کو کبھی بھی نا امید نہیں ہونا چاہیے۔

نعمان اعجاز کے اس تبصرے پر ہمایوں سعید نے کہا کہ نعمان اعجاز میرے باپ کا کردار ادا کریں گے۔

فہد مصطفیٰ کے شو جیتو پاکستان میں بات کرتے ہوئے ہمایوں سعید نے کہا کہ نعمان اعجاز میرے ابا (باپ) بنے تھے، میرے پہلے ڈرامے میں۔ ہمایوں سعید کے اس کمنٹ پر فہد مصطفیٰ نے کہا کہ آپ کے اور نعمان اعجاز کے پنگے میں، میں پڑنا نہیں چاہتا۔ فہد مصطفیٰ کے اس فقرے پر ہمایوں نے مزید کہا کہ لیکن وہ ( نعمان اعجاز) آج بھی میرے ابا (باپ) بنیں گے، میرے اگلی فلم میں۔

بعدازاں فہد مصطفیٰ پروگرام کے دوران ہمایوں سعید کو نعمان اعجاز کے حوالے سے مزید بھی تنگ کرتے رہے جس کا ہمایوں سعید نے انتہائی مثبت انداز میں جواب دیا اور سامنا کیا۔

مزیدخبریں