وزیر دفاع نے مولانا فضل الرحمان سے ہونے والے مذاکرات کو ’ٹائم پاس‘ قرار دے دیا

08:10 AM, 8 Nov, 2019

نیا دور
وزیر دفاع اور حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ پرویز خٹک نے مولانا فضل الرحمان سے ہونے والے مذاکرات کو ’ٹائم پاس‘ قرار دے دیا۔

اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے اور سرمایہ کاری میں اضافہ سے متعلق قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو وزیر دفاع پرویز خٹک کی تقریر کے دوران اپوزیشن کی جانب سے شور شرابا کیا گیا، جس پر پرویز خٹک نے کہا کہ آج دل سے بولنا چاہتا ہوں، کیا آپ لوگ سنیں گے، سن تو لو یار،  یہ تماشہ نہیں چلے گا۔

مولانا فضل الرحمان کے دھرنے پر بات کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ مارچ والے صبر کریں، ابھی بہت دیکھنا اور برداشت کرنا پڑے گا، جتنا بیٹھنا ہے بیٹھو لیکن ملک کو نقصان نہیں پہنچانا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان کہتے ہیں یہ جرگہ ٹائم پاس کرنے کے لیے ہے تو ہم بھی آپ کے ساتھ ٹائم پاس کرتے ہیں کیا کرسکتے ہو۔

آرڈیننس جاری کرنے کے حوالے سے اپوزیشن کے اعتراضات پر پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ ہم نے سارے دور دیکھے ہیں، 40 سال سے سیاست میں ہوں، یہ ملک ہمارا ہے ہم نے اس کے لیے قربانیاں دی ہیں، کوئی ہمیں آرڈیننس جاری کرنے سے نہیں روک سکتا، کیا اپوزیشن نے آئین نہیں پڑھا؟ آئین میں آرڈیننس کی گنجائش موجود ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر جمہوریت کی بات کرتے ہیں تو آئیں ٹیبل پر بیٹھیں، جمہوریت کے نام پر ملک کا بیڑہ غرق کردیا گیا، یہ آج جمہوریت اور قانون کی بات کرتے ہیں اور ہمیں بتاتے ہیں کہ جمہوریت اور قانون کیا ہے۔
مزیدخبریں