فلم ساز کرن جوہر کے پروڈکشن ہائوس ’دھرما پروڈکشنز‘ کی جانب سے کئے گئے ٹوئٹ میں مائک ٹائسن کی گھونسہ مارنے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے تصدیق کی گئی کہ امریکی باکسر بھی آنے والی فلم ’لگر‘ کا حصہ ہیں۔
پروڈکشن ہاؤس کی جانب سے باکسر کی فلم کی پہلی جھلک انسٹاگرام پر بھی شیئر کی گئی، جس میں مائک ٹائسن کو جارحانہ انداز میں گھونسہ مارتے دکھایا گیا ہے۔
اسی پوسٹر کو خود امریکی باکسر نے بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کیا اور بالی ووڈفلم کا حصہ بننے پر خوشی کا اظہار کیا۔
مائک ٹائسن کرن جوہر کی پروڈیوس کردہ فلم ’لگر‘ کا حصہ ہوں گے جس میں وجے دیوراکونڈا مرکزی کردار میں دکھائی دیں گے۔
مذکورہ فلم میں بالی ووڈ اداکارہ اننیا پانڈے بھی شامل ہیں اور امکان ہے کہ فلم کو بیک وقت تمل، تیلگو اور ہندی زبان میں ریلیز کیا جائے گا۔
https://twitter.com/DharmaMovies/status/1456098599763279872?s=20
’لگر‘ کی کہانی باکسنگ، ریسلنگ اور آرٹ مارشل کے گرد گھومتی ہے، جس میں ممکنہ طور پر مائک ٹائسن اور وجے دیوراکونڈا کی فائٹ کرتے دکھائی جائے گی۔
’لگر‘ کی ہدایت کاری پوری جگناتھ کریں گے جبکہ اسے کرن جوہر کی پروڈکشن کمپنی کے بینر تلے ریلیز کیا جائے گا۔ فلم کے مرکزی اداکار وجے دیوراکونڈا نے رواں برس ستمبر میں ہی مائک ٹائسن کی باکسنگ فائٹ کا کلپ ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ پہلی بار کسی بالی ووڈ فلم میں امریکی باکسر کو کاسٹ کیا جائے گا۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم میں مائک ٹائسن کا وجے دیوراکنڈا سے باکسنگ مقابلہ کروایا جائے گا مگر اس حوالے سے فلم کی ٹیم نے کوئی وضاحت جاری نہیں کی۔
مائک ٹائسن سے قبل بعض امریکی، چینی و کوریائی باکسرزاور ریسلرز کو بالی ووڈ فلموں میں دکھایا جا چکا ہے، تاہم پہلا موقع ہوگا کہ باکسنگ کے سابق چمپئن کو حقیقی طور پر دکھایا جائے گا۔ابھی واضح نہیں ہے کہ ’لگر‘ کو کب تک ریلیز کیا جائے گا، تاہم امکان ہے کہ اسے آئندہ برس وسط تک جاری کیا جائے گا۔