ثبوت کیا ہیں، CNN اینکر کا اصرار؛ الزامات غلط ہیں تو انکوائری ثابت کر دے گی، عمران کا جواب

11:08 AM, 8 Nov, 2022

نیا دور
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ ان پر حملے کی پیشگی اطلاعات خفیہ ایجنسیوں کے ساتھ رابطوں کے ذریعے ملیں۔ ان لوگوں کا نام کیوں نہیں لیا جا سکتا جن پر مجھے قتل کی کوشش میں ملوث ہونے کا خدشہ ہے۔

سابق وزیراعظم عمران خان نےسی این این  کو خصوسی انٹرویو دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ حملے سے متعلق پیشگی معلومات دینے والے زیادہ تر لوگ وہ ہیں جو اس بات سے پریشان ہیں کہ ملک میں کیا ہو رہا ہے۔ انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ساتھ رابطے ہیں۔

انٹرویو کے دوران عمران خان نے کہا کہ ان کی دائیں ٹانگ سے 3 گولیاں نکالی گئی ہیں جب کہ بائیں ٹانگ میں کچھ ٹکڑے رہ گئے، وزیر آباد میں حملے کے بعد انہیں اپنی سیاسی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے میں 4 سے 6 ہفتے لگیں گے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ وہاں 2 شوٹر تھے اور شاید ان کے علاوہ ایک اور بھی تھا، وہاں اس لڑکے نے پہلے فائرنگ کی پھر ایک بار اور فائرنگ ہوئی جو ہمارے سروں کے اوپر سے اس وقت گزری جب ہم گر رہے تھے۔

اینکر بیکی اینڈرسن نے انٹرویو کے دوران عمران خان سے سوال کیا کہ آپ نے اپنے اوپر حملے کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف، وزیر داخلہ اور ایک سینئر انٹیلی جنس افسر پر الزامات لگائے ہیں اس کا کیا ثبوت ہے آپ کے پاس؟

اس سوال پر عمران خان نے کہا کہ اگر میرے الزامات غلط ہیں تو انکوائری انہیں غلط ثابت کرے گی، انہوں نے سوال کیا کہ ان لوگوں کا نام کیوں نہیں لیا جا سکتا جن پر قتل کی کوشش میں ملوث ہونے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ واقعے کی پردہ پوشی کی جا رہی ہے۔یہی وجہ ہے کہ انہوں نے آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا اور وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ اور ایک سینئر فوجی افسر کو واقعے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے تینوں کے مستعفی ہونے پر زور دیا۔

اینکر نےایک بار پھر عمران خان کو  ٹوکتے ہوئے وہی سوال کیا کہ آپ کے پاس کیا ثبوت ہے؟

تحریک انصاف چیئرمین عمران خان نے کہا میرے قتل کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔ یہ باقاعدہ منصوبہ تھا۔ دو مہینے قبل ایک ویڈیو جاری کی گئی جس میں مجھ پر توہین مذہب کا الزام لگایا گیا تھا اور کہا گیا کہ مجھے کوئی مذہبی جنونی مار ڈالے گا کیونکہ میں نے لوگوں کے مذہبی جذبات مجروح کیے۔ تب میں نے آن ایئر جا کر عوام کے سامنے سارا معاملہ رکھا اور بتایا کہ یہ ایک منصوبہ تھا۔

اس پر اینکر کی جانب سے باور کروایا گیا کہ ان کی جانب سے لگائے گئے الزامات بارہا جھٹلائے جا چکے ہیں، آپ کے الزامات سختی سے مسترد کیے گئے ہیں۔ مگر عمران خان آخر تک الزامات دہراتے رہے تاہم اس حوالے سے کوئی ثبوت نہ دے سکے۔
مزیدخبریں