'سپریم کورٹ کی کارروائی سے لگا کہ مقدس گائے کو نہیں چھیڑا جا سکتا'

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے آنے سے لگ رہا تھا کہ حالات بدل جائیں گے مگر آج کی سماعت سے لگتا ہے کہ ابھی بھی بہت سے نوگو ایریاز ہیں جہاں ہمارے اداروں کے پر جلتے ہیں۔ سپریم کورٹ تھوڑی ہمت دکھاتے ہوئے کم از کم وزارت دفاع کو انکوائری کے لیے نوٹس جاری کر سکتی تھی۔

10:22 PM, 8 Nov, 2023

نیا دور
Read more!

سپریم کورٹ نے ٹاپ سٹی کے مالک معیز احمد کی درخواست اس لیے نمٹا دی کیونکہ وہ اس معاملے میں پڑنا ہی نہیں چاہتے۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے آنے سے لگ رہا تھا کہ حالات بدل جائیں گے مگر آج کی سماعت سے لگتا ہے کہ ابھی بھی بہت سے نوگو ایریاز ہیں جہاں ہمارے اداروں کے پر جلتے ہیں۔ سپریم کورٹ تھوڑی ہمت دکھاتے ہوئے کم از کم وزارت دفاع کو انکوائری کے لیے نوٹس جاری کر سکتی تھی۔ ملک میں مقدس گائے والا تاثر ختم کرنا ہو گا کیونکہ یہ غیر معمولی نوعیت کا کیس تھا۔ یہ کہنا ہے جاوید فاروقی کا۔

نیا دور ٹی وی کے ٹاک شو 'خبرسےآگے' میں انہوں نے کہا کہ ملٹری کورٹس والے فیصلے میں لگتا ہے کہ اس فیصلے کو ریورس کروانے میں حکومت کو کسی مشکل کا سامنا ہے جس کی وجہ سے شہدا کے ورثا کی پریس کانفرنس سامنے آئی ہے۔ غیر سنجیدہ اقدامات سے 9 مئی واقعے کی حساسیت کو ختم کیا جا رہا ہے، اس سلسلے کو ختم کرنا چاہئیے ورنہ 70 سے 80 ارب میں پڑنے والا الیکشن بے کار جائے گا۔ بڑی سیاسی جماعتوں کو ہمت کر کے اس کے خلاف بولنا چاہئیے۔

اسد علی طور کے مطابق پی ٹی آئی کے کچھ کارکنوں کو بھڑکایا گیا تھا اور انہوں نے 9 مئی کو جا کر ٹکر مار دی مگر وہ اب کافی بھگت چکے ہیں۔ یہ معاملہ اب ختم ہونا چاہئیے۔ فواد چودھری آج عدالت میں کھڑے ہو کر کہہ دیں کہ وہ جہلم میں استحکام پاکستان پارٹی کا جلسہ کروانے کے لیے تیار ہیں تو وہیں ان کی ضمانت ہو جائے گی۔ اس طرح کی مقدمے بازی سے فواد چودھری جیسے لوگوں کو ہیرو بنانا بند کیا جائے۔

پروگرام کے میزبان رضا رومی تھے۔ 'خبرسےآگے' ہر پیر سے ہفتے کی شب 9 بج کر 5 منٹ پر نیا دور ٹی وی سے پیش کیا جاتا ہے۔

مزیدخبریں