تبلیغی جماعت کا غیر ذمہ دارانہ رویہ کورونا کے پھیلاؤ کی وجہ: پنجاب محکمہ صحت حکام

06:18 PM, 9 Apr, 2020

نیا دور
بھارت اور ملائیشیا میں کورونا پھیلانے کے الزامات کی زد میں آنے کے بعد تبلیغی جماعت کی پاکستان میں بھی وجہ شہرت کورونا کا پھیلائو بننے لگا ہے۔ اس کی ایک بڑی وجہ پنجاب حکومت کے تمام تر خطرات اور خدشات کے باوجود مارچ کے مہینے میں سالانہ رائیونڈ اجتماع کا انعقاد تھا۔

پنجاب کی سپیشل برانچ کی ایک رپورٹ کے مطابق، تقریباً 70 سے 80 ہزار افراد نے رواں سال دس مارچ کو اس اجتماع میں شرکت کی تھی۔ لیکن تبلیغی جماعت کی انتظامیہ کے اس وقت کے دعوے کے مطابق تقریباً ڈھائی لاکھ افراد نے اس اجتماع میں شرکت کی۔

تین ہزار شرکا، امریکہ، انگلینڈ اور فلپائن سمیت چالیس ممالک سے آئے تھے اور کورونا کے باعث بین الاقوامی پروازیں منسوخ ہونے کی وجہ سے واپس اپنے ممالک نہیں جا سکے تھے۔ ان لوگوں کو مقامی لوگوں کے ہمراہ رائیونڈ مرکز میں قائم قرنطینہ میں رکھا ہوا ہے جہاں کئی افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ چکا ہے۔



تبلیغی جماعت سے تعلق رکھنے والے بہت سے افراد کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد، دو لاکھ کی آبادی والے شہر رائیونڈ میں مکمل لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے۔

ایس پی آپریشن صدر ڈویژن سید غضنفر کا کہنا ہے کہ مارچ کے آغاز میں پنجاب حکومت کی ہدایات کے پیش نظر لاہور پولیس نے تبلیغی جماعت کے منتظمین کو رائیونڈ اجتماع مؤخر کرنے کے حوالے سے قائل کرنے کی کوششیں بھی کی تھیں۔

مارچ ہی کے مہینے میں دنیا بھر میں تباہی پھیلانے کے ساتھ ساتھ کورونا وائرس نے پاکستان میں سر اٹھانا شروع کر دیا تھا۔

لاہور کیپیٹل پولیس آفیسر ذوالفقار حمید نے کورونا کے حوالے سے رپورٹس سامنے آنے کے بعد ممکنہ خطرات سے آگاہ کرنے کے لئے تبلیغی جماعت کے منتظمین کے ساتھ میٹنگز بھی کیں۔

ہدایات کے باوجود جب جماعت کے افراد نے اجتماع کے لئے جمع ہونا شروع کیا تو لاہور ڈویژن کے کمشنر اور ڈی آئی جی آپریشنز نے اجتماع گاہ کا دورہ کیا اور ایک بار پھر انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات کیے۔

ایس پی غضنفر، جو ان میٹنگز کا حصہ تھے کا کہنا ہے کہ اس وقت تک موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ستر ہزار شرکا میں تین ہزار غیر ملکی افراد شامل تھے۔

مذاکرات کے بعد انتظامیہ نے چھ دن کے اجتماع کو تین تک محدود کر دیا۔ تاہم، اس وقت انتظامیہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے مسلسل بارش کے پیشِ نظر یہ فیصلہ کیا تھا۔



پنجاب کے محکمہ صحت نے تبلیغی جماعت کے غیر ذمہ دارانہ رویے کو کورونا کے پھیلاؤ کی وجہ قرار دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اجتماع میں شرکت کرنے والوں نے اپنے مقامی علاقوں میں واپسی کے بعد نہ عوامی مقامات پر بھی جانے میں اور نہ ہی لوگوں سے ملنے جلنے میں کوئی احتیاط برتی۔

رائیونڈ اجتماع میں شرکت کرنے والے تقریباً 10 ہزار 263 افراد کو پنجاب کے 36 اضلاع میں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔

حکام ایسے افراد کی بھی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں جنہوں نے رائیونڈ اجتماع میں شرکت کی تاکہ انہیں قرنطینہ میں جلد از جلد منتقل کیا جا سکے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، اب تک 10 ہزار 263 میں سے 539 افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ چکا ہے۔ جن میں سے 31 حافظ آباد جب کہ 404 کیسز رائیونڈ مرکز سے سامنے آئے ہیں۔




آصف چودھری کی یہ رپورٹ ڈان اخبار میں 8 اپریل کو شائع ہوئی تھی جسے نیا دور کے لئے کنور نعیم نے ترجہ کیا ہے۔
مزیدخبریں