سپیکر قومی اسمبلی نے وزیراعظم کیخلاف ووٹنگ کرانے سے انکار کردیا

01:24 PM, 9 Apr, 2022

نیا دور
سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کرانے سے انکار کر دیا ہے۔

جیو نیوز کے مطابق اپوزیشن ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ میرا وزیراعظم عمران خان کیساتھ 30 سال پرانا تعلق ہے، میں اس تعلق کو اس طرح خراب نہیں کر سکتا۔

ذرائع کے مطابق انہوں نے اس معاملے پر عملدرآمد کرنے سے صاف انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواہ میرے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد لے آئی جائے یا سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹا دیا جائے، میں کبھی وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری نہیں کرائوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے جو بھی سزا ملے، اسے بھگتنے کیلئے تیار ہوں لیکن کسی صورت عمران خان کیساتھ بے وفائی نہیں کر سکتا۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے 3 اپریل کی ڈپٹی سپیکر کی رولنگ غیر آئینی قرار دیتے ہوئے 9 اپریل کو تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کرانے کا حکم دیا تھا۔ قومی اسمبلی کا اجلاس صبح ساڑھے 10 بجے سے جاری ہے لیکن اب تک اسپیکر کی جانب سے قرارداد پر ووٹنگ کا عمل جاری نہیں ہوا ہے۔
مزیدخبریں