اسد قیصر نے سپیکر قومی اسمبلی کے عہدے سے استعفیٰ دیدیا

06:40 PM, 9 Apr, 2022

نیا دور
سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپنے عہدے سے استعفے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں 26 سال سے عمران خان کیساتھ رہا، میں اس وقت ان کیخلاف نہیں جا سکتا۔

خیال رہے کہ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کرانے سے انکار کر دیا تھا۔ انہوں نے اس معاملے پر عملدرآمد کرنے سے صاف انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ خواہ میرے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد لے آئی جائے یا سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹا دیا جائے، میں کبھی وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری نہیں کرائوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے جو بھی سزا ملے، اسے بھگتنے کیلئے تیار ہوں لیکن کسی صورت عمران خان کیساتھ بے وفائی نہیں کر سکتا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسد قیصر اور قاسم سوری نے اپنے عہدوں سے استعفے دینے کا فیصلہ بنی گالہ میں وزیراعظم عمران خان کیساتھ ملاقات میں کیا۔ یہ فیصلہ توہین عدالت کی کارروائی سے بچنے کیلئے کیا گیا۔

 
مزیدخبریں