کشمیر کا سودا کیا گیا ہے، شہباز شریف کا قومی اسمبلی میں دعویٰ

08:00 AM, 9 Aug, 2019

نیا دور
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ وہ بلاف خوف و خطر کہتے ہیں کہ کشمیر کا سودا کیا گیا ہے، ہم کشمیر سے لے کر معاشی ترقی تک اور جوہری پروگرام کا اپنے خون سے دفاع کریں گے۔

قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ ابھی چند دن پہلے مودی سرکار نے کشمیر میں بدترین اقدام کیا ہے، بلا خوف و خطر کہتا ہوں کہ کشمیر کا سودا کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی طرف اٹھنے والے تمام ہاتھ، چاہے وہ مودی ہو یا کوئی اور ہو، قوم ان ہاتھوں کو توڑ ڈالے گی، ہم کشمیر سے لے کر معاشی ترقی تک اور جوہری پروگرام کا اپنے خون سے دفاع کریں گے۔

مریم نواز کی گرفتاری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایک باپ کے سامنے بیٹی کو گرفتار کیا گیا اور بیٹی کے سامنے والد کو، ایسا دلخراش منظر شاید پہلے کبھی نہ دیکھا گیا ہو۔ پوری قوم جانتی ہے کہ نوازشریف پہلی بار گرفتار نہیں ہوئے اور مریم بھی پہلی بار گرفتار نہیں ہوئیں، یوسف عباس بھی پہلی بار گرفتار نہیں ہوا، انہیں مشرف کے زمانے میں بھی گرفتار کیا گیا، میری عمر گذر گئی ایسے حادثوں کا سامنا کرتے ہوئے۔ ہم نے پہلے بھی یہ ظلم و ستم برداشت کیا، عمران نیازی کا ظلم بھی برداشت کریں گے اور سر نہیں جھکائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنے بھائی اور ملک کے تین بار منتخب وزیراعظم کو ملنے گیا، مجھے جیل کے باہر کھڑا کردیا گیا اور آدھا گھنٹہ اندر نہیں جانے دیا گیا۔
مزیدخبریں