جنوری کے آخری ہفتے میں اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ ہوگا: پی ڈی ایم کا اعلان

04:07 PM, 9 Dec, 2020

نیا دور
اسلام آباد میں پی ڈی ایم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس کے بعد  ترجمان پی ڈی ایم میاں افتخار نے پریس کانفرنس میں فیصلوں سے آگاہ کیا۔

اجلاس ن لیگ کے رہنما احسن اقبال کی زیر صدارت ہوا۔

میاں افتخار نے کہا کہ جنوری کے آخری ہفتے میں لانگ مارچ ہوگا، مینار پاکستان کو تالاب بنا دیا گیا ہے ، گرفتاریاں شروع کر دی گئی ہیں، ڈی جے بٹ کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

میاں افتخار نے کہا کہ لاہور کا جلسہ روکنے کے لیے تمام کارروائیاں کی جا رہی ہیں، حکمران اتنا ڈر گئے ہیں، جلسہ لازمی ہوگا، یہ حکومت دھاندلی کی پیداوار ہے، ہم نے نہ پہلے مانا نہ آئندہ مانیں گے، تمام ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں۔

 انہوں نے اعلان کیا کہ جنوری کے آخری ہفتے میں اسلام آباد کی طرف رخ کرنے کا اعلان کیا جائے گا لیکن اس سے پہلے اور لاہور جلسے کے بعد ہم ہر طبقہ فکر کے لوگوں بشمول وکلا اور کسان انکو اعتماد میں لیں گے

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم) کے سربراہی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں اتحاد کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے تمام جماعتوں کے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ارکان کو استعفے پارٹی قیادت کو جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ 31 دسمبر تک تمام جماعتوں کے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ارکان پارٹی قائدین کے پاس استعفے جمع کرادیں۔

اس اعلان سے قبل ہی اپوزیشن ارکان کے استعفے آنے شروع ہوگئے تھے تاہم اب ارکان کی بڑی تعداد نے اپنے اپنے استعفے سوشل میڈیا پر شیئر کردیے ہیں

 
مزیدخبریں