اسلام آباد ہائیکورٹ کا لارجر بنچ آج ٹیریان وائٹ کیس کی سماعت کرے گا

07:08 AM, 9 Feb, 2023

نیا دور
اسلام آباد ہائیکورٹ میں کاغذات نامزدگی میں مبینہ بیٹی ٹیریان جیڈ وائٹ کو ظاہر نہ کرنے پر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی نااہلی کے لیے دائر درخواست کی سماعت آج ہوگی۔

چیف جسٹس عامرفاروق کی سربراہی میں 3 رکنی لارجر بینچ سماعت کرے گا۔ لارجر بینچ میں جسٹس محسن اخترکیانی اور جسٹس ارباب محمد طاہر شامل ہیں۔

عمران خان پر مبینہ بیٹی کو کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہ کرنے کا الزام ہے۔

گزشتہ سماعت پر عمران خان کے وکیل نے نکتہ اٹھایا کہ آپ کی جانب سے 2018 میں کیس سننے سے معذرت کی گئی تھی۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ عمران خان کا اعتراض ہے کہ وہ اب پبلک آفس ہولڈر نہیں۔ الیکشن کمیشن سے کنفرم کرنا ہے کہ موجودہ پوزیشن کیا ہے۔ الیکشن کمیشن سے ڈی نوٹیفائی ہونے کا نوٹیفکیشن منگوا لیتے ہیں۔ درخواست گزار نے عمران خان کا 2018 والا بیان حلفی چیلنج کیا تھا۔

چیف جسٹس  نے عمران خان کے وکلا سے مکالمہ کیا کہ آپ کی جانب سے بینچ پر اعتراض اٹھایا گیا ہے؟ 2018 میں کیس سننے سے معذرت ذاتی وجوہات پر نہیں کی تھی۔ اس وقت درخواست گزار نے مخصوص بینچ کے سامنے لگانے کی استدعا کی تھی۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ آپ نے اعتراض اٹھایا تو بینچ کی تشکیل نو کر دیتے ہیں۔ ہم لارجر بینچ کے سامنے معاملہ رکھیں گے۔

عدالت نے عمران خان کی جانب سے لگائے گئے اعتراضات کے پیشِ نظر کیس کی سماعت کیلئے لارجر بینچ تشکیل دینے کا فیصلہ سناتے ہوئے کیس کی سماعت 9 فروری تک ملتوی کر دی۔ کیس کی آئندہ سماعت لارجر بینچ کے روبرو ہوگی۔

واضح رہے کہ شہری محمد ساجد نے عمران خان کو نااہل کرنے کی استدعا کر رکھی ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنی مبینہ بیٹی ٹیریان سے متعلق کیس میں تحریری جواب عدالت میں جمع کروایا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ یہ مقدمہ سننے کی مجاز ہی نہیں۔ جو جج پہلے یہ کیس سننے سے معذرت کر چکا ہے وہ دوبارہ کیسے اس کیس کو سن سکتا ہے۔ جس کے بعد 7 فروری کو اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان نااہلی کیس میں لارجر بینچ تشکیل دیا گیاتھا۔
مزیدخبریں