آئی ایم ایف مذاکرات سے متعلق آج اچھی خبر دیں گے؛ اسحاق ڈار

02:10 PM, 9 Feb, 2023

نیا دور
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ مذاکرات آن ٹریک ہیں۔ آج اچھی خبر دیں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ آج فائنل راؤنڈ چل رہا ہے۔ ان کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے اچھی خبر دیں گے۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کے لئے رات 12 بجے تک کا وقت ہے۔ مذاکرات کو آج کسی سمت کی طرف لے کر جائیں گے، آئی ایم ایف کے ساتھ ہمیشہ ایسے ہی مذاکرات ہوتے ہیں۔

واضح رہے کہ آئی ایم ایف وفد اور پاکستان کے درمیان مذاکرات کا آج آخری روز ہے۔ آج ہونے والے فائنل راؤنڈ میں پالیسی سطح کے مذاکرات جاری ہیں۔ پاکستان کی جانب سے وزیر خزانہ اسحاق ڈار معاشی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں جبکہ آئی ایم ایف مشن کی قیادت نیتھن پورٹر کر رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق باہمی اقتصادی اور مالیاتی پالیسی (میوچل اکنامک اینڈ فِسکل پالیسی-ایم ای ایف پی) کا مسودہ آج فائنل کیا جائے گا۔ قوی امکان ہے کہ آج معاہدہ ہو جائے گا۔ مذاکرات میں توانائی شعبے میں اصلاحات اور گردشی قرضے کے خاتمے پر بحث ہوگی جبکہ آئی ایم ایف کو مجوزہ ٹیکس اقدامات پر پاکستانی حکام کی جانب سے بریفنگ بھی دی جائے گی۔

وزیرِ مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں ہونے والے فیصلوں کی وزیر اعظم سے منظوری لے لی گئی ہے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ پاکستان کی ضرورت ہے۔

پاکستان 2019 میں حاصل کیے گئے 7 بلین ڈالر کے توسیعی فنڈ کی سہولت کے حصے کے طور پر 1 بلین ڈالر کے قرض کی قسط کا خواہاں ہے۔
مزیدخبریں