قومی اسمبلی کی 234 نشستوں کے نتائج: آزاد 95، ن لیگ 65 اور پی پی کی 52 نشستیں

قومی اسمبلی کی 234 نشستوں کے نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار 95 نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔ مسلم لیگ ن 65 نشستوں کے ساتھ دوسرے جبکہ پیپلز پارٹی 52 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

12:15 PM, 9 Feb, 2024

نیوز ڈیسک

ملک بھر میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے نتائج آنا جاری ہیں۔ قومی اسمبلی کی 234 نشستوں کے نتائج آ چکے ہیں۔ ان جزوی نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار قومی اسمبلی کی 95 نشستوں پر کامیابی حاصل کر کے پہلے نمبر پر ہیں۔ دوسرے نمبر پر پاکستان مسلم لیگ ن ہے جس کو اب تک قومی اسمبلی کی 65 نشستوں پر کامیابی ملی ہے جبکہ پیپلز پارٹی اب تک قومی اسمبلی کی 52 نشستوں پر کامیابی حاصل کر کے تیسرے نمبر پر ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان کو 14، پاکستان مسلم لیگ ق کو 3، جمعیت علمائے اسلام ف کو 2 جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کو بھی قومی اسمبلی کی 2 نشستوں پر کامیابی ملی ہے۔

پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار

لاہور کے حلقہ این اے 122 سے پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار اور معروف وکیل سردار لطیف کھوسہ 117109 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے اور انہوں نے مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق کو ہرا دیا۔ خواجہ سعد رفیق کو 77،709 ووٹ ملے۔

حلقہ این اے 44 ڈیرہ اسماعیل خان کے تمام 358 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق آزاد امیدوار علی امین خان گنڈا پور 92612 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے جبکہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مولانا فضل الرحمان 59364 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

این اے 3 سوات کے تمام 309 پولنگ سٹیشنز کے مکمل غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سلیم رحمان 81411 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ مسلم ليگ ن کے واجد علی خان 27861 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

این اے 13 بٹگرام کے تمام 278 پولنگ سٹیشنز کے مکمل غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے تحت پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار محمد نواز خان 24686 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔ راہ حق پارٹی کےعطا محمد 18130 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

این اے 17 ایبٹ آباد 2 کے تمام 324 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق آزاد امیدوار علی خان جدون 97177 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔ مسلم ليگ ن کے محبت خان اعوان 44522 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

این اے 30 پشاور کے 267 پولنگ سٹیشنز میں سے267 کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار شاندانہ گلزار خان کامیاب قرار پائیں۔ شاندانہ گلزار نے 78971 ووٹ لیے جبکہ جمعیت علمائے اسلام ف کے ناصر خان 20950 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

این اے 121 لاہور کے غیر حتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار وسیم قادر 78803 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔ مسلم لیگ ن کے روحیل اصغر 70597 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

حلقہ این اے 90 میانوالی سے پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار عمیر خان نیازی 179،820 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ ن لیگ کے امیدوار محمد حمیر خان نیازی 51223 ووٹ لے کر ہار گئے۔

مسلم لیگ ن

مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف لاہور سے اپنے آبائی حلقے سے جیت گئے۔ حلقہ این اے 130 لاہور 14 کے تمام 376 پولنگ سٹیشنز کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق نواز شریف 171024 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ آزاد امیدوار یاسمین راشد 115043 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہیں۔

چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز نے بھی لاہور سے قومی اسمبلی کی نشست جیت لی۔ این اے 119 لاہور 3 کے تمام 338 پولنگ سٹیشنز کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق مریم نواز 83855 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائیں جبکہ آزاد امیدوار شہزاد فاروق 68376 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

لودھراں سے استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے سربراہ جہانگیر ترین کو شکست ہو گئی۔ این اے 155 لودھراں 2 کے تمام 369 پولنگ سٹیشنز کے نتائج کے مطابق مسلم ليگ ن کے صدیق خان بلوچ 117671 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے جہانگیر ترین 71128 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

این اے 55 راولپنڈی کے تمام 311 پولنگ سٹیشنز کے غیر سرکاری نتیجے کے مطابق مسلم ليگ ن کے ملک ابرار احمد 78542 ووٹ لے کر جیت گئے۔ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار محمد بشارت راجہ 67101 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

این اے 58 چکوال سے ن لیگ نے میدان مار لیا۔ این اے 58 چکوال کے تمام 459 پولنگ سٹیشنز کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتیجے کے مطابق ن ليگ کے میجر (ر) طاہر اقبال 115974 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے۔ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار ایاز امیر 102537 ووٹ حاصل کر سکے۔

ن لیگ کے صدر و سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے لاہور سے قومی اسمبلی نشست جیت لی۔ حلقہ این اے 123 کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجے کے مطابق شہباز شریف 63953 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار افضال عظیم پاہٹ 48486 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

این اے 167 بہاولپور 4 کے تمام 301 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق مسلم ليگ ن کے محمد عثمان اویسی 78970 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے۔ آزاد امیدوار ملک عامر یار وارن 42500 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

این اے 135 اوکاڑہ 1 کے تمام 370 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق مسلم ليگ ن کے ندیم عباس ربیرہ 107862 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے۔ آزاد امیدوار ملک محمد اکرم بھٹی 90443 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی

این اے 194 لاڑکانہ سے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو  131,217 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے جبکہ جمعیت علمائے اسلام ف کے امیدوار راشد سومرو 34،572 ووٹ لے کر ہار گئے۔

این اے 202 خیرپور 1 سے پیپلزپارٹی کی نفیسہ شاہ جیت گئیں۔ تمام 305 پولنگ سٹیشنز کے مکمل غیر حتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق نفیسہ شاہ 121756 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائیں جبکہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے سید غوث علی شاہ 26745 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

این اے 217 ٹنڈو اللہ یار کے تمام 331 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی اور غیرسرکاری نتیجے کے تحت پیپلز پارٹی کے ذوالفقار بچانی 115000 ووٹ لے کر جیت گئے۔ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کی راحیلہ مگسی 69900 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

این اے 199 گھوٹکی 2 کے تمام 365 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پیپلز پارٹی کے علی گوہر مہر 154832 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے۔ جمعیت علمائے اسلام ایف کے عبدالقیوم 40204 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

مزیدخبریں