نواز، شہباز، مریم، زرداری، بلاول کامیاب؛ مولانا فضل، ترین، خٹک ہار گئے

غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کی ساری مرکزی قیادت جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ اسی طرح پیپلز پارٹی کے چیئرمین آصف زرداری اور بلاول بھٹو بھی کامیاب ہو چکے ہیں۔ جبکہ مولانا فضل الرحمان، پرویز خٹک اور جہانگیر ترین ہار چکے ہیں۔

01:37 PM, 9 Feb, 2024

نیوز ڈیسک

  عام انتخابات کے دوران قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں کیلئے 17 ہزار 816 امیدوار میدان میں اترے تھے۔ انتخابات کے اب تک موصول ہونے والے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کی ساری مرکزی قیادت اپنی نشستیں جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ اسی طرح پیپلز پارٹی کے چیئرمین آصف زرداری اور بلاول بھٹو بھی کامیاب ہو چکے ہیں۔ جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر خان ترین اور پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز کے پرویز خٹک اپنی نشستیں ہار گئے۔

میاں نواز شریف

مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف لاہور سے اپنے آبائی حلقے سے جیت گئے۔ حلقہ این اے 130 لاہور 14 کے تمام 376 پولنگ سٹیشنز کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق نواز شریف 171024 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ آزاد امیدوار یاسمین راشد 115043 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہیں۔

دوسری جانب مانسہرہ کے حلقہ این اے 15 سے میاں نواز شریف شکست سے دوچار ہوئے۔ تمام پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق آزاد امیدوار شہزادہ محمد گشتاسپ خان 105249 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے ہیں جبکہ میاں نواز شریف کو 80382 ووٹ ملے ہیں۔

شہباز شریف

ن لیگ کے صدر و سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے لاہور سے قومی اسمبلی نشست جیت لی۔ حلقہ این اے 123 کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجے کے مطابق شہباز شریف 63953 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار افضال عظیم پاہٹ 48486 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

اسی طرح پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 158 کے غیر حتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق شہباز شریف 38642 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔ آزاد امیدوار چوہدری یوسف علی 23847 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

مریم نواز شریف

چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز نے بھی لاہور سے قومی اسمبلی کی نشست جیت لی۔ این اے 119 لاہور 3 کے تمام 338 پولنگ سٹیشنز کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق مریم نواز 83855 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائیں جبکہ آزاد امیدوار شہزاد فاروق 68376 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

اسی طرح پنجاب اسمبلی کے حلقہ 159 لاہور سے بھی مریم نواز انتخاب جیت گئیں۔ غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی پی 159 لاہور سے مریم نواز 23598 ووٹ لے کر کامیاب ہوئیں جبکہ ان کے مقابلے میں آزاد امیدوار مہر شرافت کو 21491 ووٹ ملے۔

حمزہ شہباز شریف

مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز شریف لاہور کے حلقہ این اے 118 سے 105960 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ ان کے مقابلے میں پاکستان تحریک انصاف کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار عالیہ حمزہ ملک کو 100803 ووٹ ملے اور وہ دوسرے نمبر پر رہیں۔

آصف علی زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین آصف علی زرداری سندھ کے علاقہ شہید بینظیر آباد سے قومی اسمبلی کی نشست جیتنے میں کامیاب ہو گئے۔ این اے 207 کے تمام پولنگ سٹیشنز کے نتائج کے مطابق آصف علی زرداری کو 146989 ووٹ ملے جبکہ ان کے مقابلے میں آزاد امیدوار شیر محمد رند بلوچ کو 51916 ووٹ ملے۔

بلاول بھٹو زرداری

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 194 لاڑکانہ سے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو  131,217 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے جبکہ جمعیت علمائے اسلام ف کے امیدوار راشد سومرو 34،572 ووٹ لے کر ہار گئے۔

اسی طرح حلقہ این اے 196 قمبر شہداد کوٹ 1 سے بھی بلاول بھٹو زرداری کامیاب ہو گئے۔ مذکورہ حلقہ کے تمام 303 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی 85370 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔ ان کے مدمقابل جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ناصر محمود 34499 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

مولانا فضل الرحمان

ڈیرہ اسماعیل خان میں مولانا فضل الرحمان کو علی امین گنڈا پور کے ہاتھوں شکست ہو گئی۔ حلقہ این اے 44 ڈیرہ اسماعیل خان کے تمام 358 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق آزاد امیدوار علی امین خان گنڈا پور 92612 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے جبکہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مولانا فضل الرحمان 59364 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

جہانگیر خان ترین

لودھراں سے استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے سربراہ جہانگیر ترین کو شکست ہو گئی۔ این اے 155 لودھراں 2 کے تمام 369 پولنگ سٹیشنز کے نتائج کے مطابق مسلم ليگ ن کے صدیق خان بلوچ 117671 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے جہانگیر ترین 71128 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

ملتان میں بھی جہانگیر ترین پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار عامر ڈوگر سے ہار گئے۔

پرویز خٹک

تحریک انصاف چھوڑ کر پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرنز بنانے والے پرویز خٹک بھی اپنی سیٹ جیتنے میں ناکام رہے۔ خیبر پختونخوا کے حلقہ این اے 33 نوشہرہ 1 سے انہیں آزاد امیدوار سید شاہ احد علی شاہ کے ہاتھوں شکست ہوئی۔ سید شاہ احد علی شاہ 93429 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ پرویز خٹک کو صرف 26574 ووٹ ملے۔

اسی طرح پرویز خٹک کو پی پی 87 نوشہرہ میں آزاد امیدوار خلیق الرحمان نے شکست دی، پرویز خٹک نے 18176 ووٹ لیے جبکہ خلیق الرحمان نے 44762 ووٹ حاصل کیے۔

سردار اختر مینگل

بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے سربراہ سردار اختر مینگل قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 261 سے جیتنے میں کامیاب ہو گئے۔ حلقہ این اے 261 سوراب کم قلات کم مستونگ کے تمام 255 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق سردار اختر مینگل 3404 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔ ان کے مقابلے میں سردار ثناء اللہ زہری کو 2871 ووٹ ملے۔ یوں یہ کانٹے دار مقابلہ سردار اختر مینگل نے جیت لیا۔

مزیدخبریں