پنجاب میں ن لیگ، خیبر پختونخوا میں PTI، سندھ اور بلوچستان میں PPP آگے

سندھ میں پیپلز پارٹی 81 صوبائی سیٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔ خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کے آزاد امیدوار 85 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ بلوچستان میں پاکستان پیپلز پارٹی 9 سیٹوں کے ساتھ سب سے آگے ہے۔ پنجاب میں ن لیگ سب سے زیادہ 132 سیٹیں جیت چکی ہے۔

03:53 PM, 9 Feb, 2024

نیوز ڈیسک

ملک بھر میں صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کے نتائج کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک کے نتائج کے مطابق سندھ میں پیپلز پارٹی 81 صوبائی سیٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔ خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کے آزاد امیدوار 85 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ بلوچستان میں پاکستان پیپلز پارٹی 9 سیٹوں کے ساتھ سب سے آگے ہے۔ پنجاب اسمبلی کی نشستوں پر پاکستان تحریک انصاف کے آزاد امیدواروں اور ن لیگ کے مابین کانٹے دار مقابلہ چل رہا ہے۔ اب تک کے نتائج بتاتے ہیں کہ پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب اسمبلی کی 132 سیٹیں جیت کر تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں سے آگے ہے۔

پاکستان کے چاروں صوبوں میں صوبائی اسمبلی کی کل 590 نشستیں ہیں۔ صوبہ پنجاب میں سب سے زیادہ صوبائی اسمبلی کی 296 نشستیں ہیں۔ اس کے بعد صوبہ سندھ کا نمبر آتا ہے جہاں صوبائی اسمبلی کی 130 نشستیں ہیں۔ اسی طرح خیبر پختونخوا میں صوبائی اسمبلی کی 113 نشستیں ہیں جبکہ بلوچستان اسمبلی کی سیٹوں کی تعداد 51 ہے۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

چاروں صوبائی اسمبلیوں کے جزوی نتائج آ چکے ہیں جن کے مطابق صوبہ سندھ میں پیپلز پارٹی سب سے آگے ہے۔ سندھ اسمبلی کی 130 میں سے اب تک 120 نشستوں کے نتائج آ چکے ہیں جن کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی نے سب سے زیادہ 81 سیٹیں حاصل کی ہیں۔ سندھ میں دوسرے نمبر پر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان ہے جسے اب تک 20 صوبائی نشستوں پر کامیابی ملی ہے جبکہ صوبہ سندھ سے آزاد امیدوار اب تک 14 سیٹیں جیت چکے ہیں۔ ابھی تک 10 سیٹوں کے نتائج آنا باقی ہیں۔

خیبر پختونخوا کے عوام نے دل کھول کر تحریک انصاف کو ووٹ دیے ہیں اور یہاں سے صوبائی اسمبلی کی 113 میں سے 105 سیٹوں کے نتائج آ چکے ہیں۔ ان نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار اب تک 85 سیٹیں جیت کر دوڑ میں بہت آگے نکل گئے ہیں۔ جمعیت علمائے اسلام ف اور پاکستان مسلم لیگ ن اس دوڑ میں تحریک انصاف سے کافی زیادہ فاصلے پر موجود ہیں۔ جمعیت علمائے اسلام ف کو خیبر پختونخوا کی 7 جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن کو 5 نشستوں پر کامیابی ملی ہے۔ ابھی تک خیبر پختونخوا کے مزید 8 حلقوں کے نتائج آنا باقی ہیں۔

بلوچستان اسمبلی کی 51 میں سے 41 نشستوں کے نتائج آ چکے ہیں جن کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی 9 نشستیں جیت کر ابھی تک پہلے نمبر پر ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ن 7 سیٹوں کے ساتھ دوسرے جبکہ آزاد امیدوار 6 سیٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ بلوچستان اسمبلی کے مزید 10 حلقوں کے نتائج ابھی نہیں آئے۔

صوبہ پنجاب کی بات کی جائے تو سب سے دلچسپ صورت حال یہاں دیکھنے کو مل رہی ہے۔ پنجاب اسمبلی کی کل 296 سیٹوں میں سے 278 کے نتائج موصول ہو چکے ہیں جن کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن 132 سیٹیں جیت کر پہلے نمبر پر ہے۔ پاکستان تحریک انصاف ان کے پیچھے پیچھے دوڑ رہی ہے اور اب تک کے نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار 127 سیٹیں لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب اسمبلی کی 10 سیٹیں جیت کر تیسرے نمبر پر ہے۔ ابھی تک پنجاب اسمبلی کے 18 حلقوں کے نتائج آنا باقی ہیں۔

مزیدخبریں