ٹوئٹر نے ڈونلڈ ٹرمپ کا اکاؤنٹ مستقل طور پر بلاک کردیا

10:04 AM, 9 Jan, 2021

نیا دور
معروف سماجی ویب سائٹ ٹوئٹر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ٹوئٹر اکاؤنٹ مستقل طور پر بلاک کر دیا۔

ٹوئٹر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ کیپیٹل ہل واقعے کے بعد کمپنی نے تشدد کے مزید واقعات کے خدشے کے پیش نظر ٹرمپ کا اکاؤنٹ مستقل بلاک کیا اور یہ فیصلہ ٹرمپ کی حالیہ ٹوئٹس کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد کیا گیا ہے۔



ٹرمپ کا ٹوئٹراکاؤنٹ مستقل بند کیےجانےکی وجوہات بتاتے ہوئےحکام کا کہناہےکہ انہیں اس بات کہ ثبوت ملےتھے کہ ٹرمپ کےحامیوں کی جانب سےکیپیٹل ہل پر 17 جنوری کو ایک اور مبینہ حملےکی منصوبہ بندی کی جارہی تھی۔

ٹوئٹر پر بلاگ پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بعض شواہد کی بنیاد پر معطل کیا گیا، مستقبل میں مسلح احتجاج کے پلان ٹوئٹر پر وقتاً فوقتاً ڈالے جا رہے تھے جب کہ 17جنوری 2021 کوکیپیٹل ہل اور ریاستی عمارتوں پرایک اورمجوزہ حملےکی پلاننگ شیئرکی جا رہی تھی۔


دوسری جانب ٹوئٹر نے ٹرمپ کی دوسرے سرکاری اکاونٹ ’پوٹس‘سے ٹوئٹ کی کوشش بھی ناکام بناتے ہوئے ٹوئٹ بلاک کردی۔ پوٹس اکاؤنٹ سے شیئرکی گئی ٹوئٹس میں ٹرمپ نے ٹیک کمپنی اور ڈیموکریٹس پر تنقید کی تھی۔

واضح رہےکہ گزشتہ دنوں ٹرمپ کے حامیوں نےکیپیٹل ہل عمارت پر حملہ کیا تھا جس کی حوصلہ افزائی پرٹوئٹر نے ٹرمپ کا اکاؤنٹ بلاک کررکھا ہے جب کہ فیس بک اور انسٹاگرام نے بھی ان کی پوسٹیں بلاک کردیں۔

مزیدخبریں