انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) کی جانب سے پلیئر آف دی منتھ کیلئے مرد اور خواتین کھلاڑیوں کی نامزدگیوں کا اعلان کر دیا گیا۔
آئی سی سی نے دسمبر کے مہینے کے بہترین کھلاڑی کیلئے نامزدگیوں کا اعلان کیا ہے۔ نامزد کھلاڑیوں میں آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز، نیوزی لینڈ کے گلین فلپس اور بنگلا دیش کے تیج الاسلام شامل ہیں۔ نامزد کھلاڑیوں میں کوئی پاکستانی کھلاڑی جگہ نہ بنا سکا۔
آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کو پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں عمدہ باؤلنگ پرفارمنس، بنگلا دیشی باؤلر تیج الاسلام کو نیوزی لینڈ کیخلاف عمدہ باؤلنگ جبکہ نیوزی لینڈ کے گلین فلپس کو بنگلا دیش کیخلاف ٹیسٹ میچ میں عمدہ باؤلنگ اور بیٹنگ پر نامزد کیا گیا ہے۔
دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ویمن پلیئر آف دی منتھ دسمبر کی کھلاڑیوں کی نامزدگی کا اعلان کردیا۔
خواتین کی کیٹیگری میں بھارت کی جمائمہ روڈریگز، دپیتی شرما اور زمبابوے کی پریشیس مارنج کو نامزد کیا گیا ہے۔ جمائمہ نے انگلینڈ اور آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ اور ون ڈے میچز میں عمدہ پرفارمنس کے ذریعے اپنی ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
دپیتی شرما نے دسمبر کے مہینے میں دو ٹیسٹ میچوں میں 165 رنز اور 11 وکٹیں حاصل کیں جبکہ آسٹریلیا کیخلاف دوسرے ون ڈے میں انہوں نے پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔
زمبابوے کی پریشس مارنج نے یوگنڈا کیخلاف آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے کوالیفائر میچ میں چار اوورز میں 7 رنز دیکر 5 وکٹیں حاصل کیں جس میں ہیٹ ٹرک بھی شامل تھی۔افریقا ریجن کے کوالیفائر ٹورنامنٹ میں انہوں نے مجموعی طور پر 13 وکٹیں حاصل کیں۔