ایلون مسک ٹوئٹر خریدنے کے معاہدے سے دستبردار ہوگئے

05:44 AM, 9 Jul, 2022

نیا دور
دنیا کے امیر ترین شخص، اسپیس ایکس اور ٹیسلا کے بانی ایلون مسک ٹوئٹر خریدنے کے 44 بلین ڈالر کے معاہدے سے دستبردار ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ارب پتی ایلون مسک نے گزشتہ روز ٹوئٹر خریدنے کے لیے اپنی 44 بلین ڈالر کی پیشکش ترک کرنے کے فیصلے کا اعلان کیا۔

ایلون مسک نے کہا کہ ٹوئٹر انتظامیہ جعلی اکاؤنٹس کی تعداد کے بارے میں معلومات فراہم کرنے میں ناکام رہی جس کی وجہ سے وہ ٹوئٹر خریدنے کے معاہدے سے دستبردار ہو رہے ہیں۔

مسک نے یہ بھی دلیل دی کہ ٹوئٹر کے دو اعلیٰ عہدیداروں کو برطرف کرنے کے فیصلے نے اس معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔

رپورٹس کے مطابق ٹوئٹر انتظامیہ اب ٹیسلا کے بانی ایلون مسک کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ انہیں معاہدے کو آگے بڑھانے پر مجبور کیا جا سکے۔

ٹوئٹر اور مسک دونوں نے اپریل میں اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ اگر کوئی فریق معاہدے سے دستبردار ہونے کا انتخاب کرتا ہے تو انہیں 1 بلین ڈالر کا جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔

مئی میں، ایلون مسک نے کہا تھا کہ وہ اس معاہدے کو اس وقت تک روک رہے ہیں جب تک کہ سوشل میڈیا کمپنی یہ ثابت نہ کر دے کہ اسپام بوٹس اس کے کل صارفین میں سے 5 فیصد سے بھی کم ہیں۔

گزشتہ ماہ، ایلون مسک نے ٹوئٹر کو متنبہ کیا تھا کہ اگر وہ اسپام اور جعلی اکاؤنٹس کا ڈیٹا فراہم کرنے میں ناکام رہتا ہے تو وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم حاصل کرنے کے اپنے معاہدے سے الگ ہو سکتے ہیں۔
مزیدخبریں