یہ بات انہوں نے ہم نیوز کے پروگرام ’بریکنگ پوائنٹ ود مالک‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ فواد چودھری کا کہنا تھا کہ مفتاح اسماعیل اور مصدق ملک میرے دوست ہیں، انہیں گندا کیا جا رہا ہے۔ یہ لوگوں کو استعمال کرکے ٹشو پیپر کی طرح پھینک دیتے ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ جہاں ووٹنگ کی شرح زیادہ ہو وہاں دھاندلی مشکل ہوتی ہے، 2018 میں پارٹی کمزور تھی اب ایسا نہیں ہے، اس وقت تمام امیدوار تجربہ کار ہیں، ڈسکہ کے علاوہ انہوں نے کوئی الیکشن ہی نہیں لڑا، مسلم لیگ ن نے ضمنی انتخابات میں کروڑوں روپے خرچ کیے ہیں، یہ الیکشن تمام انتخابات سے مختلف ہوں گے۔
فواد چودھری نے کہا کہ ن لیگ اور حمزہ شہباز لوگوں کو بے وقوف سمجھتے ہیں۔ ایک بلب جلائیں تو مہینے میں 100 یونٹ گر جائیں گے۔ سب کو پتہ ہے یہ ریلیف نہیں ہے کیونکہ آئی ایم ایف نے اسے نہیں ماننا۔ مریم اورنگزیب اپنے شوہر کی کمپنیوں کو فائدہ پہنچاتی ہیں، ریلیف دینے اور فراڈ کرنے میں فرق ہونا چاہیے۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ ادارے اور سیاسی جماعتیں دونوں سیاست کر رہے ہیں،ہمارے سرگرم کارکنوں اور رہنماؤں کو ٹیلی فون کالیں آرہی ہیں، عمران خان نے عسکری قیادت پر کوئی بات نہیں کی،عمران خان نے نام لے کر فوج کے خلاف بات نہیں کی،کچھ حقائق ہیں انہیں مد نظر رکھتے ہوئے راستہ نکالنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز نے عدالتی حکم کی خلاف ورزی کی۔ پنجاب میں پولیس کا بد ترین استعمال کیا جا رہا ہے، حمزہ شہباز بڑے بڑے پیکیجز کا اعلان کررہے ہیں، پاکستان کے تمام میڈیا کی نظر ان 20 سیٹوں پر ہے۔
سابق وزیر اطلاعات نے کہا کہ ضمنی الیکشن کو عمران خان خود لیڈ کررہے ہیں، شیخوپورہ کے حلقے میں 26 ہزار ووٹ نیا شامل ہوا اور10 ووٹ نکالا گیا ، الیکشن ہم نے ہر صورت لڑنا ہے، ن لیگ نے لوٹوں کو ٹکٹ دیا ہے، ورکرز اس کا ساتھ نہیں دیں گے، ضمنی الیکشن جیتنے کیلئے ن لیگ کو دھاندلی نہیں دھاندلا چاہیے۔