پاکستان میں آج عید الاضحیٰ مذہبی جوش وجذبے سے منائی جائے گی

07:30 PM, 9 Jul, 2022

نیا دور
لاہور سمیت ملک بھر میں آج عید الاضحیٰ مذہبی جوش وجذبے سے منائی جائے گی۔ فرزندان اسلام نماز عید کی ادائیگی کے بعد اپنی حیثیت کے مطابق حلال جانوروں کی قربانی کریں گے۔

لاہور میں عیدالاضحی کا سب سے بڑا اجتماع بادشاہی مسجد میں ہوگا۔ بادشاہی مسجد میں نماز عیدالاضحی کی امامت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان خطیب وامام بادشاہی مسجد مولانا سید عبدالخبیر آزاد کریں گے۔

بادشاہی مسجد میں عیدالاضحی کی نماز ٹھیک صبح 08:30 بجے ہوگی۔ مولانا عبدالخبیر آزاد خطبہ میں وحدت امہ، اتحاد، مذہبی ہم آہنگی، احترام انسانیت، پیغام پاکستان کے فروغ، سنت ابراہیمی اور قربانی کی فضیلت پر بیان کریں گے۔ نماز عید کے بعد ملک کی سلامتی، ترقی وخوشحالی، استحکام اور کشمیر وفلسطین کی آزادی کے لیے خصوصی دعائیں ہوں گی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پاکستانیوں سمیت تمام امت مسلمہ کو عیدالاضحٰی کی مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا ہے۔ انہوں نے خوشی کے موقع پر تمام مسلمانوں کیلئے اپنے پیغام میں کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے خلیل حضرت ابراہیم (ع) اور ان کے عظیم فرزند حضرت اسماعیل (ع) کی فرمانبرداری کو انتہائی پسند فرماتے ہوئے قربانی کی عظیم روایت بنا دی۔ قربانی کا اصل مفہوم اللہ رب العزت کی اطاعت وفرمانبرداری ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ اپنے اطاعت گزار بندوں کی نیت دیکھتا ہے اور اسی کی بنیاد پر اجر عطا فرماتا ہے۔ حضرت ابراہیم (ع) اور ان کے عظیم فرزند حضرت اسماعیل (ع) کی سیرت پاک کی پیروی میں ہی ہم سب کی نجات ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یتیموں، بیوائوں، بے کسوں اور ناداروں کی مدد کرکے ہم اس عظیم دن کا حق ادا کر سکتے ہیں۔ عیدالاضحیٰ کے موقع پر مشکلات و مصائب کے شکار بھائیوں بہنوں کی مدد پر خصوصی توجہ دی جائے۔ مہنگائی کی عالمی لہر کے اثرات کی وجہ سے اپنے اردگرد موجود ضرورت مندوں اور سفید پوشوں کو عید کی خوشیوں میں شریک کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ افراد کو نہ بھولیں۔ ان کی بھرپور مدد کریں، مشکل کی اس گھڑی میں ان کی غم گساری ہمارا فرض ہے۔ نوجوان نسل عید قربان کے اصل مفہوم سے بہت کچھ سیکھ سکتی ہے۔ نوجوان معاشرے میں تحمل، برداشت، ایثار وقربانی کی عملی مثال بنیں اور معاشرے میں اپنے اخلاق و اقدار سے حقیقی تبدیلی لائیں۔

شہباز شریف نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر عوام سے کورونا وبا کے پیش نظر احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی اپیل کرتا ہوں۔ آلائیشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے اور صفائی ستھرائی کے لئے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے مستعدی سے فرائض انجام دیں۔

 
مزیدخبریں