سوشل میڈیا پر شوکت ترین سے متعلق لگائے گئے الزامات بے بنیاد پروپیگنڈا ہیں، آئی ایس پی آر

05:55 AM, 9 Jun, 2022

نیا دور
پاک فوج نے سابق وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کے حوالے سے سوشل میڈیا پر لگائے گئے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادارے اور اس کی قیادت کےخلاف بے بنیاد الزامات لگانا، جھوٹ بولنا قابل مذمت ہے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کے حوالے سے سوشل میڈیا پر شاہین صہبائی اور کچھ دیگر افراد کی جانب سے جو الزامات لگائے گئے ہیں وہ بے بنیاد پروپیگنڈا ہیں۔

بیان میں آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ خود شوکت ترین نے بھی ان بے بنیاد الزامات کی واضح انداز میں تردید کی ہے۔

ترجمان پاک فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اپنے ذاتی مفادات کو فروغ دینے کے لیے ادارے اور اس کی قیادت کے خلاف بدنیتی پر مبنی الزامات لگانا اور صریحاً جھوٹ بولنا قابل مذمت ہے۔

ترجمان پاک فوج کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ادارہ اس طرح کے بے بنیاد الزامات میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

شاہین صہبائی نے ٹوئٹر پر دعویٰ کیا تھا کہ شوکت ترین سے کہا گیا تھا کہ عمران خان کو چھوڑ کر شہباز شریف کی حکومت کی آئی ایم ایف میں جاکر مدد کریں۔



دوسری جانب پی ٹی آئی کے سینیٹر اور سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شاہین صہبائی کے الزامات کی تردید کی۔

اپنے ایک ٹوئٹ میں شوکت ترین نے کہا کہ میں واضح طور پر اس بات کی تردید کرتا ہوں جو شاہین صہبائی نے مجھ سے منسوب کی ہے۔

https://twitter.com/shaukat_tarin/status/1534536507872231424

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے کبھی بھی اسٹیبلشمنٹ نے نہیں کہا کہ میں عمران خان کو چھوڑ کر شہباز شریف کی حکومت میں شامل ہوں۔
مزیدخبریں