عامر لیاقت حسین کی میت کا پوسٹ مارٹم کرانے کا فیصلہ

10:41 AM, 9 Jun, 2022

نیا دور
رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین انتقال کر گئے ہیں۔ پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے

میڈیا رپورٹس کے مطابق عامر لیاقت حسین کا پوسٹ مارٹم کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد عامر لیاقت حسین کی موت کی وجہ سامنے آئے گی۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ عامر لیاقت کی طبعیت گذشتہ رات سے خراب تھی ،انہیں دل میں تکلیف محسوس ہو رہی تھی۔

دوسری جانب میڈیا رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ عامر لیاقت حسین کے گھر میں دھواں بھرا ہوا تھا ، بظاہر ان کی موت دم گھٹنے سے ہوئی۔ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ عامر لیاقت کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا تھا۔موت کی وجہ معلوم کرنے کیلئے مختلف ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔

ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا ہے کہ عامر لیاقت کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد موت کی وجہ معلوم ہو گی، ان کے حوالے سے اطلاع دوپہر ایک بجے ملی تھی۔

عامر لیاقت کے ساتھ دو ملازمین رہائش پذیر تھے، تاحال انکے اہلخانہ سے رابطہ نہیں ہو سکا۔پولیس حکام اور اہل محلہ بھی اسپتال پہنچ گئے ہیں۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کیلئے دعائے مغفرت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی مرحوم کے درجات بلند کریں اور سوگواران کو صبرِ جمیل عطا کریں۔

سابق صدر آصف علی زرداری کا ڈاکٹر عامر لیاقت کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عامر لیاقت کے انتقال کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔آصف علی زرداری نے ڈاکٹر عامر لیاقت کے خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

آصف علی زرداری نے ڈاکٹر عامر لیاقت کی مغفرت اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی عامر لیاقت کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ جب کہ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی موت کی خبر ملنے کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس بھی ملتوی کر دیا گیا ہے۔

یہاں واضح رہے کہ عامر لیاقت حسین تیسری اہلیہ کے الزامات کے بعد پریشانی کا شکار تھے جس کا اظہار وہ سوشل میڈیا پر بھی کرتے تھے۔ عامر لیاقت حسین نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ جلد ملک کو چھوڑ جائیں گے۔ذرائع کے مطابق عامر لیاقت نے کچھ عرصہ سے لوگوں سے ملنا جلنا بھی چھوڑ دیا تھا۔
مزیدخبریں