پی ٹی آئی ارکان وٹس ایپ گروپس چھوڑ گئے، ارکان کی ناراضگی کی وجوہات بھی سامنے آگئیں

09:32 AM, 9 Mar, 2022

نیا دور
تحریک انصاف کے ارکان کی پارٹی سے ناراضی کی وجوہات سامنے آگئیں۔

ذرائع کے مطابق فیصل آباد ڈویژن کے ارکان شہبازگل کی مداخلت پر ناراض ہیں کیونکہ شہبازگل فیصل آباد میں آئندہ الیکشن میں اپنے لیے سپورٹ مانگتے رہے، ارکان نے وزیراعظم کو شہبازگل کی مداخلت پر تحفظات سے آگاہ کیا لیکن وزیراعظم ارکان کے تحفظات دورکرنے کے بجائے شہبازگل کو ماسکو لے گئے۔

جیو نیوز کے ذرائع نے بتایا کہ نور عالم خان کو اسپیکر اسد قیصر کے خلاف بولنا مہنگا پڑا، وہ حکومتی فنڈز صرف صوابی میں خرچ کرنے پر نالاں تھے اور اپنے حلقے کے لیے ترقیاتی فنڈز مانگتے رہے جو نہیں ملے، نورعالم خان کی وزیراعظم سے ملاقات میں بھی تحفظات دورنہیں کیے گئے جب کہ پارٹی کےشوکاز نوٹس اور پی اے سی سے نکالنا نورعالم کی ناراضی کی وجہ بنا۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ 50 سے زائد ایم این ایز کوبیرون ملک دوروں پربھجوانے کا معاملہ بھی ارکان کی ناراضی کی وجہ بنا۔

ذرائع کے مطابق فواد چوہدری نے نجی محفل میں ارکان کو غدار قرار دیا اور کہا کہ غدار ارکان کو بیرون ملک بھیجا جا رہا ہے، ارکان تک فواد چوہدری کی باتیں پہنچ گئیں جس پر شدید ناراضی کا اظہار کیا گیا، اس معاملے پر بھی وزیراعظم نے ارکان کے تحفظات دور نہیں کیے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ میجر ریٹائرڈ طاہرصادق کے حلقے میں ملک امین اسلم کی مداخلت کی شکایات رہیں اور وزیراعظم کو شکایت کے باوجود ملک امین اسلم کو مداخلت سے نہیں روکا گیا، ملک امین نے طاہرصادق کے حلقے میں مختلف ترقیاتی اسکیموں کا افتتاح کیا۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ اقبال خان نے بھی اپنے حلقے میں ایوب آفریدی کی مداخلت کا شکوہ کیا لیکن وزیراعظم نے اقبال خان کے تحفظات کو دور نہیں کیا، ایوب آفریدی متعلقہ حلقے میں ترقیاتی اسکیموں کا افتتاح کرتے رہے۔

اس کے علاوہ بعض اراکین پر شک ناراضی کا باعث بنا اور غلام بی بی بھروانا کو پہلے روز سے ہی شک کے دائرے میں رکھا گیا۔

ذرائع کے مطابق اکثر اراکین کی جانب سے پارٹی ارکان کو عزت نہ ملنے پر بھی ناراضی ہے اور بعض ارکان نے پارٹی ارکان قومی اسمبلی کیلئے قائم واٹس ایپ گروپ بھی چھوڑ دیا۔
مزیدخبریں