میشا کے بھائی فارس شفیع بھی لکس اسٹائل ایوارڈ کی نامزدگی سے دستبردار

03:02 PM, 9 May, 2019

نیا دور
لاہور: گلوکار و اداکار فارس شفیع کو طلال قریشی کے اشتراک سے بنائے جانے والے گانے پر لکس اسٹائل ایوارڈز میں بہترین گانے کے زمرے میں نامزد کیا گیا تھا۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق فارس شفیع کانام ’’بہترین گانے ‘‘ کے لئے لکس سٹائل ایوارڈ 2019 میں نامزد کیا گیا جو انہوں نے طلال قریشی کے ساتھ مل کر گایا ہے ،فارس نے لکس سٹائل ایوارڈ کا بائیکاٹ کرتے ہوئے درخواست کی ہے کہ ان کا نام لسٹ سے خارج کیا جائے اگرچہ انہوں نے اس فیصلے کی وجہ تو بیان نہیں کی مگر ممکنہ طور پر علی ظفر کی نامزدگی ہی اس کی وجہ ہوسکتی ہے۔

لکس اسٹائل ایوارڈز 2019 کے لیے نامزد میشا شفیع، ماڈل ایمان سلیمان، برانڈ جنریشن اور چند دیگر نے ایک مبینہ جنسی ہراساں کرنے والے کے باعث اپنی نامزدگیوں سے دستبردار ہونے کااعلان کیا۔

7 افراد کی جانب سے لکس اسٹائل ایوارڈز میں نامزدگیوں سے دستبردار ہونے پر اس پلیٹ فارم نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس کی فلم جیوری اپنے فیصلوں میں خودمختار ہے اور یونی لیور پاکستان کا اس سے کوئی تعلق نہیں، جو اس ایونٹ کی اسپانسر ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال اپریل میں میشا شفیع نے سوشل میڈیا پر گلوکارہ علی ظفر پر انہیں جنسی ہراساں کرنے کا الزام عائد کرکے پاکستان میں می ٹو مہم کا آغاز کیا تھا۔ علی ظفر نے اس الزام کو مسترد کردیا تھا، جس کے بعد ان دونوں گلوکاروں کا معاملہ عدالت میں موجود ہے۔

علی ظفر کو رواں سال کے لکس اسٹائل ایوارڈز میں اپنی فلم ’طیفا ان ٹربل‘ کے لیے بہترین اداکار کے ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

 
مزیدخبریں