خیال رہے کہ مختلف اداروں، افراد اور دیگر مقاصد کے لیے استعمال ہونے والے فیس بک پیجز یا ذاتی اکاؤنٹس کو فیس بک کی جانب سے ایک بیج دیا جاتا ہے جس کا مقصد اس بات کی تصدیق ہوتا ہے کہ یہ پیج یا اکاؤنٹ جس فرد، ادارے یا مقصد سے منسلک ہے فیس بک اپنے نظام کے تحت اس کے اصل ہونے کی تصدیق کر چکا ہے۔
اس معاملے پر ڈیجیٹل میڈیا کے لیے وزیراعظم کے فوکل پرسن ڈاکٹر ارسلان خالد نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ عمران خان کے فیس بک پیج سے ویریفائیڈ بیج کا نشان ہٹایا گیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ ہمارے علم میں ہے اور ہم اس معاملے پر فیس بک سے رابطے میں ہیں۔
تصدیقی نشان ہٹانے کی وجہ بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیس بک کی پالیسی کے تحت کسی پیج کے ایڈریس میں آفیشل کا لفظ نہیں ہونا چاہیے، چونکہ وزیراعظم کے ذاتی فیس بک پیج کے نام میں یہ لفظ شامل تھا اس لیے ہمیں کہا گیا کہ اسے درست کر لیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ کی پالیسی ہے کہ اگر پیج کے یو آر ایل میں تبدیلی کریں تو تصدیقی نشان ختم کر دیا جاتا ہے۔ تاہم اس معاملے میں توقع ہے کہ تجویز کردہ تبدیلی مکمل ہو جانے کے بعد یہ سٹیٹس بحال ہو جائے گا۔
دوسری جانب پاکستان کے مایہ ناز کرکٹر شاہد خان آفریدی کے فیس بک پیج سے بھی تصدیقی نشان ہٹا دیا گیا ہے کیونکہ فیس بک پیج پر ان کے نام کے ساتھ بھی آفیشل لکھا ہوا ہے۔