پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو میں جوئے کی کمپنی سے معاہدے کا انکشاف، پی سی بی کا سخت ایکشن لینے کا فیصلہ

12:48 PM, 9 May, 2020

نیا دور
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن فائیو کے دوران جوئے کی کمپنی سے معاہدے کے انکشاف پر پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کر لیا۔

ایکسپریس نیوز سے حاصل معلومات کے مطابق پاکستان سپر لیگ 5 کے میچز ایک غیرملکی بیٹنگ (جوئے) ویب سائٹ پر براہ راست نشر ہونے کا انکشاف کچھ عرصے قبل ہوا تھا۔ اس حوالے سے پاکستان سپر لیگ کے پروجیکٹ ایگزیکٹیو شعیب نوید نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) جوئے کی ویب سائٹ کو لائیو اسٹریمنگ حقوق فروخت کرنے پر میڈیا پارٹنر سے تحقیقات کر رہا ہے۔

پی ایس ایل سیزن 5 کے میچز کے دوران بیٹنگ کے اشتہارات دکھانے کے معاملے پر شعیب نوید نے بتایا کہ یہ دونوں الگ چیزیں ہیں، میڈیا پارٹنر نے لائیو اسٹریمنگ کے حقوق بیٹ365 (جوئے کی ویب سائٹ) کو فروخت کر دیے، جس کی قطعی طور پر اجازت نہیں تھی، انھیں ایسی ڈیل کرنے سے قبل پہلے پی سی بی سے منظوری لینا چاہیے تھی جو کسی صورت نہیں ملتی، اشتہارات صرف ان ممالک میں دکھائے جاتے ہیں جہاں اجازت ہے۔

اس سوال پر کہ کیا ٹینڈر دستاویز کے ساتھ جمع کرانے والے پلان میں میڈیا پارٹنر نے بیٹنگ ویب سائٹ سے معاہدے کا ارادہ ظاہر کیا تھا؟ پی ایس ایل آفیشل نے نفی میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایسا کوئی ذکر نہیں کیا گیا تھا، ٹورنامنٹ شروع ہوتے ہی جیسے ہی ہمیں بیٹنگ ویب سائٹ پر میچز لائیو اسٹریم ہونے کا علم ہوا ہم نے فوراً میڈیا پارٹنر ٹیک فرنٹ اور مذکورہ ویب سائٹ بیٹ 365 دونوں کو اسے روکنے کیلیے نوٹس بھیجے، اب بھی اس معاملے پر بات چیت جاری ہے، ہمارے میڈیا پارٹنر نے غلطی تسلیم کر لی مگر ایسے معاملات میں پی سی بی کا سخت مؤقف ہے، آئندہ ماہ تک سینئر مینجمنٹ کی جانب سے کوئی فیصلہ آجانا چاہیے، بغیر پوچھے معاہدے پر میڈیا پارٹنر کیخلاف سخت ایکشن لیا جا سکتا ہے۔

پروجیکٹ ایگزیکٹیو نے مزید کہا کہ معاہدے میں شامل ہے کہ جہاں بھی میچز دکھائیں اس سے پی سی بی کو آگاہ کریں، بیٹنگ ویب سائٹ سے معاہدے کا ہمیں نہیں بتایا گیا، جیسے ہی پتا چلا تو بغیر تاخیر سے نوٹس بھیج دیا تھا، اس قسم کے معاملات میں ہماری زیرو ٹولیرنس پالیسی ہے۔
مزیدخبریں