'چینی کی قیمتوں کو روکا جائے نہ کہ خبر کو' مفتاح اسماعیل

02:42 PM, 9 Nov, 2021

نیا دور
مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ چینی کی قیمتوں کو روکا جائے نہ کہ خبر کو ، پاکستان کی تاریخ کی سب سے مہنگی چینی عمران خان کے دور میں فروخت ہورہی ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے ذمہ دار عمران خان ہیں، آج ملک پر 40 ہزار ارب روپے کا قرضہ ہے اور مہنگائی میں پاکستان دنیا کا تیسرا بڑا ملک بن گیا ہے۔

مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ ٹیکس کلیکشن ریٹ ہمارے دور سے کم ہے، بجٹ کا خسارہ اور معاشی پالیسی قرضوں میں اضافے کا سبب ہے، ہمارے لیڈران کی گرفتاری سے مہنگائی کم ہوتی ہے تو ہم حاضر ہیں، نیب قوانین سے صرف پی ٹی آئی بری الذمہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ریلیف پیکج کے بعد چینی کی قیمت میں 25 روپے اور گھی اور تیل کی قیمت میں 40 روپے کا اضافہ ہوا ، پوری دنیا میں مہنگائی بڑھنے کی باتیں درست نہیں ہیں۔

انہوں نے مزیدکہا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات کے متعلق قوم کو آگاہ کیا جائے، آج دنیا کی مہنگی ترین ایل این جی ہم خرید رہے ہیں، حکومت قیمتوں میں اضافےکی روک تھام کے بجائے اپنا وقت خبریں نہ چھپنے پر صرف کر رہی ہے۔
مزیدخبریں