تھینک یو ڈی جی آئی ایس پی آر ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ کیوں کر رہا ہے؟

12:48 PM, 9 Oct, 2019

نیا دور
پاکستان میں اس وقت ٹویٹر پر تھینک یو ڈی جی آئی ایس پی آر (#ThankYouDGISPR) ٹاپ ٹرینڈ کر رہا ہے، اس ٹرینڈ میں ٹویٹر صارفین پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کا شکریہ ادا کر رہے ہیں۔

اس ٹرینڈ کے ٹاپ کرنے کی وجہ یہ ہے کہ حکومت پاکستان اور ٹویٹر انتظامیہ کے مابین معاملات طے پا گئے ہیں، جن کے بعد اب ٹویٹر آئندہ یکطرفہ طور پر پاکستانی صارفین کے اکاؤنٹس معطل نہیں کرے گا اور کسی بھی شکایت کی صورت میں حکومت پاکستان سے رابطہ کرے گی۔

حکومت کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق چیئرمین نیشنل آئی ٹی بورڈ صباحت علی شاہ کی امریکا میں ٹویٹر کے اعلیٰ حکام سے تفصیلی ملاقات ہوئی جس میں حکومت پاکستان اور ٹویٹر انتظامیہ کے درمیان اہم معاملات طے پائے۔ اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ ملاقات کے دوران ٹویٹر پر بھارتی اجارہ داری سے پاکستانی صارفین کی آواز دبانے کا معاملہ زیر بحث آیا تھا جس میں ٹویٹر حکام کو آگاہ کیا گیا کہ اہل کشمیر کے حق میں آواز اٹھانے پر سینکڑوں پاکستانیوں کے ٹویٹر اکاؤنٹس بلاک کیے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آواز اٹھانے پر بند کیے گئے ٹویٹر اکاؤنٹس کے مسئلے کو اٹھانے کا فیصلہ کیا تھا اور انہوں نے صارفین سے درخواست کی تھی کہ وہ اپنے بند کیے گئے اکاؤنٹس کی تفصیلات پی ٹی اے کو بھیجیں تاکہ آئندہ کا لائحہ عمل تیار کیا جائے۔



اب جب ٹویٹر انتظامیہ نے پاکستان کا مؤقف تسلیم کر کے اکاؤنٹ بند کرنے کا طریقہ کار بدل دیا ہے تو ٹویٹر صارفین ترجمان پاک فوج کا شکریہ ادا کر رہے ہیں۔







واضح رہے کہ ٹویٹر کی طرح یوٹیوب پر بھی بھارتیوں کی اجارہ داری ہے جس کی وجہ سے ایسا تمام مواد جس میں کشمیریوں کے حق میں بات کی جائے یا مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کا ذکر کیا جائے اسے محدود کر دیا جاتا ہے اور اس پر مونیٹائزیشن بند کر دی جاتی ہے۔ پی ٹی اے کو اس ناانصافی پر بھی آواز اٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ پاکستانی یوٹیوب کریٹرز کے حقوق کا تحفظ کیا جا سکے۔



 

مزیدخبریں