لاڑکانہ میں عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے: بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت

04:29 PM, 9 Oct, 2021

نیا دور
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ کی عوام کے مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ شہر ملک میں جمہوریت کا ایک استعارہ ہے، یہاں کے عوام کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ لاڑکانہ کے مسائل کے حل کے تسلسل میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کروں گا، اس کے شہری ملک میں مزاحمتی سیاست کی ایک علامت ہیں، یہاں کی ہر خوشی، ہر غم اور ہر مسئلے کو اپنا معاملہ سمجھتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں لاڑکانہ کے ہر فرد سے دلی رشتہ محسوس کرتا ہوں، کسی قیمت پر آپ کا ساتھ نہیں چھوڑوں گا۔


چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یہ بات تنظیمی عہدیداران اور عوامی نمائندگان سے مکالمہ کرتے ہوئے کہی۔ ان کے زیر صدارت آج نوڈیرو میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں بلدیات، پبلک ہیلتھ انجینرنگ، تعلیم اور ورکس اینڈ سروسز کے وزرا بھی شریک تھے۔

انہوں نے تنظیمی عہدیداران کی موجودگی میں لاڑکانہ میں بلدیاتی مسائل کے حل اور پبلک ہیلتھ انجینرنگ کے شعبے میں جاری پیش رفت سے متعلق استفسار کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے تنظیمی عہدیداران کی موجودگی میں لاڑکانہ میں تعلیمی اداروں کی صورت حال اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بھی طلب کیں۔ صوبائی وزیر ناصر شاہ ودیگر نے اپنے محکموں کی کارکردگی سے انھیں آگاہ کیا۔

 
مزیدخبریں