حکومت نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں پر الیکشن کمیشن کے تمام اعتراضات مسترد کردیے

10:12 AM, 9 Sep, 2021

نیا دور
حکومت نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں پر اٹھائے گئے اعتراضات کو مسترد کردیا اور آئندہ عام انتخابات میں ان کے استعمال کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی شبلی فراز نے ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ مشین متعارف کرانے اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ووٹ کے حق کے لیے قانون سازی کا عمل رواں ماہ مکمل ہو جائے گا اور قانون کے نافذ ہونے کے بعد ہر کوئی قانون کی پاسداری کا پابند ہو گا۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت دی کہ وہ اپنی وزارت کی تیار کردہ نقائض سے پاک مشینیں حاصل کریں، ان کے تکنیکی ماہرین سے جانچ کریں۔

ای سی پی کی جانب سے اٹھائے گئے 37 اعتراضات کے بارے میں شبلی فراز نے کہا کہ ان میں سے 27 مشینوں کے بارے میں نہیں بلکہ ای سی پی کی اپنی صلاحیت سے متعلق ہیں جبکہ ان کی وزارت، تیار کردہ مشین سے متعلق پہلے ہی باقی 10 اعتراضات کا ازالہ کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’یہ محض ایک مشین نہیں بلکہ تصور ہے‘ اور ماضی میں جعلی بیلٹ پیپر چھاپے گئے تھے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عمران خان نے کرکٹ کی دنیا میں غیر جانبدار امپائرز کا تصور متعارف کرایا تھا، وہ چاہتے ہیں کہ شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ووٹنگ مشینیں ملک میں متعارف کرائی جائیں۔ انہوں نے انتخابات میں ٹیکنالوجی متعارف کرانے سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کا حوالہ بھی دیا۔

وقت کی کمی کے بارے میں تاثر کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مشینوں کی پیداوار، خریداری اور جانچ کے لیے دو سال بہت وقت ہے اور ان کے آپریشن کے لیے تکنیکی تربیت بھی دی جاتی ہے۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات کے لیے 4 لاکھ مشینیں درکار ہوں گی اور کہا کہ اگر ہر روز 2 ہزار مشینیں تیار کی جائیں تو ان کی پیداوار 6 ماہ کے اندر مکمل ہو سکتی ہے۔ مشینوں کی خریداری پر تقریباً 150 ارب روپے کے اخراجات ہوں گے۔

شبلی فراز نے میڈیا کو بتایا کہ ای سی پی نے اعتراف کیا کہ اس کے اعتراضات مخصوص مشین کے خلاف نہیں تھے اور وزارت نے 17 اگست کو ووٹنگ مشینوں کے آپریشن پر ایک مظاہرہ کرنے کے بعد ایک تکنیکی کمیٹی تشکیل دی۔ بدھ کو پہلی مرتبہ ٹیکنیکل کمیٹی کا اجلاس ہوا جس کے بارے میں وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ عام انتخابات کے انعقاد کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال انتخابی تاریخ میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ مشینوں کو بجلی کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ ان کی بیٹری 24 گھنٹے فعال رہ سکتی ہے اور انہیں ان علاقوں میں رکھا جا سکتا ہے جہاں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کم ہو۔
مزیدخبریں