پاکستان اس مشکل گھڑی میں مراکش کی ہر ممکن مدد کرے گا: وزیراعظم انوار الحق کاکڑ

مراکش میں گزشتہ شب آنے والے خوفناک زلزلے نے ہر طرف تباہی مچا دی جس کے نتیجے میں تقریباً 632 افراد ہلاک جبکہ سینکڑوں زخمی ہوئے ہیں۔ سینکڑوں عمارتیں اور رہائشی مکانات منہدم ہوگئےاور  کئی گاڑیاں بھی ملبے تلے دب گئیں۔ ہزاروں شہریوں کو اپنے گھروں سے بھاگنا پڑا۔

01:18 PM, 9 Sep, 2023

نیا دور

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے مراکش میں شدید زلزلے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق  انوار الحق کاکڑ نے مراکش میں شدید زلزلے سے نقصانات پر اظہار افسوس کیا اور مراکش حکومت و عوام سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں مراکش کی حکومت و عوام کے ساتھ ہیں اور پاکستان ان کی ہر ممکن مدد کرے گا۔

دوسری جانب نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے پاکستان میں تعینات مراکش کے سفیر محمد کرمون کو ٹیلیفون کیا اور مراکش میں ہولناک زلزلہ سے قیمتی جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے مراکش کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ پاکستانی قوم اور حکومت اس مشکل گھڑی میں مراکش کے زلزلہ متاثرین کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مراکش کے عوام کو اس مشکل گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انہیں صحت کی سہولیات سمیت ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔

واضح رہے کہ مراکش میں گزشتہ شب آنے والے خوفناک زلزلے نے ہر طرف تباہی مچا دی جس کے نتیجے میں تقریباً 632 افراد ہلاک جبکہ سینکڑوں زخمی ہوئے ہیں۔ سینکڑوں عمارتیں اور رہائشی مکانات منہدم ہوگئےاور  کئی گاڑیاں بھی ملبے تلے دب گئیں۔ ہزاروں شہریوں کو اپنے گھروں سے بھاگنا پڑا۔

مراکش کے جیو فزیکل سینٹر نے بتایا کہ زلزلہ اطلس کے علاقے ایگھل میں آیا جس کی شدت 7.2 تھی۔ امریکی جیولوجیکل سروے نے زلزلے کی شدت 6.8 بتائی اور کہا کہ یہ زلزلہ 18.5 کلومیٹر (11.5 میل) کی نسبتاً کم گہرائی میں آیا۔

ایگھل، ایک پہاڑی علاقہ ہے جس میں چھوٹے کاشتکاری والے دیہات ہیں۔ شہر مراکیچ سے تقریباً 70 کلومیٹر (40 میل) جنوب مغرب میں ہے۔ زلزلہ رات 11 بجے کے بعد آیا۔

مزیدخبریں