نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت شہریوں کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔
اجلاس میں چیف سیکرٹری، سیکرٹری ہاؤسنگ، سیکرٹری خزانہ، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈپٹی کمشنر لاہور، ایم ڈی واسا اور متعلقہ حکا م نے شرکت کی۔
اجلاس میں واسا کی ری سٹرکچرنگ کے امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ واسا کو صحیح معنوں میں عوامی خدمت کا ادارہ بنائیں گے۔شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے واسا کو روایتی انداز ترک کرکے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا ہوگا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صاف پانی اور بہترین سیوریج سسٹم شہریوں کا بنیادی حق ہے۔ صاف پانی کی فراہمی او رسیوریج پائپ لائن کی تنصیب میں کوتاہی برداشت نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو سہولیات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔واسا سمیت دیگر اداروں کی استعداد کار بڑھا کر شہریوں کو بہترین بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ شہری سہولتوں کی بہتری کیلئے ہر ممکن وسائل فراہم کریں گے۔