ضلع خیبر تحصیل باڑہ میں گذشتہ روز شجرکاری مہم کے دوران مشتعل افراد نے محکمہ جنگلات کی جانب سے لگائے گئے پودوں پر یلغار کر کے سینکڑوں پودے اکھاڑ دیے تھے۔
سینکڑوں پودے اکھاڑنے کے نتیجےمیں آج تھانہ باڑہ میں فارسٹ آفیسر کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کرائی گئی، ایف آئی آر میں قبیلہ سپاہ کے 10 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق گذشتہ روز محکمہ فارسٹ کے اہلکار ٹائیگر فورس کے ہمراہ منڈی کس کے علاقے میں شجرکاری مہم میں مصروف تھے کہ مقامی شہریوں نے سرکاری عملے کو زدوکوب کیا اور لگائے گئے پودے اکھاڑ دیے اور ساتھ 500 بیلچے اور دیگر سرکاری اوزار بھی لے گئے۔
پولیس نے ایف آر کی روشنی میں مقدمے میں نامزد ایک شخص کو گرفتار کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جب کہ دیگر کی گرفتاری کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔