190 ملین پاؤنڈ کیس ، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست ضمانت خارج

عدالت نے ہدایت دی کہ بشری بی بی کو نیب گرفتار نہ کرے تاہم عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست ضمانت عدم پیروی پر خارج کردی۔

03:35 PM, 10 Aug, 2023

نیا دور

احتساب عدالت نے   190ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں  چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستیں خارج کر دیں۔

190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں احتساب عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت خارج کر دی.

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست پر سماعت کی جس سلسلے میں چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ عدالت میں پیش ہوئیں جبکہ عمران خان پیش نہ ہوئے۔

جج محمد بشیر نے استفسار کیا کہ بشریٰ بی بی کے وارنٹ تو جاری نہیں ہوئے؟ تفتیشی افسر کہاں ہیں؟ ادھر کھڑے ہوجائیں۔ یہ کیس انکوائری ہے یا انویسٹی گیشن کی اسٹیج پر ہے؟

اس موقع پر نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی نے کہا کہ ابھی گرفتارکرنے کےکوئی آرڈر نہیں ہیں۔

بشریٰ بی بی کے وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ یہ کیس اب انویسٹی گیشن میں تبدیل ہوگیا ہے جب کہ وکیل انتظار پنجوتھا نے کہا کہ مستقبل سےمتعلق کوئی ضمانت دے دیں۔

جج نے کہا کہ اگر نیب والے گرفتار کرلیتے ہیں تو یہاں سے تو اچھا ہی ہوگا ناں؟ 

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ آپ ہمیں ایک موقع دیں ہم کوئی جان بوجھ کر ایسا نہیں کر رہے۔

عدالت نے ہدایت دی کہ بشری بی بی کو نیب گرفتار نہ کرے تاہم عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت عدم پیروی پر خارج کردی۔ جس کے بعد نیب کوچیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کا اختیار مل گیا ہے۔

اس کے علاوہ توشہ خانہ نیب انکوائری کیس میں بھی چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت خارج کردی گئی۔ یہ فیصلہ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے فیصلہ سنایا اور نیب کے بیان کی روشنی میں بشری بی بی کی درخواست ضمانت نمٹا دی۔

خیال رہے کہ  نیب کے مطابق 190 ملین کرپشن کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کے وارنٹ گرفتاری برقرار ہیں اور اب نیب کو چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کا اختیار مل گیا ہے۔

مزیدخبریں