سائفر کی تحقیقات کیلئے اعلیٰ سطحی عدالتی کمیشن تشکیل دیا جائے:پی ٹی آئی

 تحریک انصاف نے اعلامیے میں کہا کہ سائفر کے حوالے سے منظرِعام پر آنے والی تفصیلات نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان  کے مؤقف کی صحت اور ساکھ پر مہرِ تصدیق ثبت کی ہے۔ آئینی و جمہوری حکومت کے خلاف ایک سازش کے نتیجے میں تحریک عدمِ اعتماد لائی گئی۔ سائفر پر سابق وزیراعظم  کا مؤقف آج پوری طرح ثابت ہوا۔

07:05 PM, 10 Aug, 2023

حسن نقوی

پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)  نے خفیہ مراسلے ( سائفر) کے معاملے کی جامع تحقیقات کیلئے ایک بااختیار اور اعلیٰ سطحی عدالتی کمیشن کی تشکیل کا مطالبہ کر دیا۔

امریکا میں پاکستانی سفیر کی جانب سے بھجوائے گئے سائفر کے حوالے سے عالمی میڈیا میں چھپنے والی خبر کے  معاملے پر تحریک انصاف نےدی انٹرسیپٹ کی خبر پر باضابطہ اعلامیہ جاری کر دیا۔

 تحریک انصاف نے اعلامیے میں کہا کہ سائفر کے حوالے سے منظرِعام پر آنے والی تفصیلات نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان  کے مؤقف کی صحت اور ساکھ پر مہرِ تصدیق ثبت کی ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف  کی آئینی و جمہوری حکومت کے خلاف ایک سازش کے نتیجے میں تحریک عدمِ اعتماد لائی گئی۔ تحریک عدم اعتماد کے تناظر میں سائفر پر چیئرمین تحریک انصاف  کا مؤقف آج پوری طرح ثابت ہوا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ سابق وزیراعظم  کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی نے سائفر کے مندرجات کو پاکستان کے اندرونی معاملات میں صریح مداخلت قرار دیا۔ قومی سلامتی کمیٹی کے عمران خان کی زیرِصدارت اجلاس میں پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کو کسی طور ناقابلِ قبول قرار دیا گیا۔ تحریک انصاف قومی سلامتی کمیٹی نے متفقہ فیصلہ بھی کیا پاکستان امریکا سے سفارتی آداب کے مطابق ڈیمارش کے ذریعے شدید احتجاج کرے گا۔

بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں ان تمام فیصلوں کی مکمل تائید و توثیق کی گئی۔ حکمران گروہ نے اس خفیہ مراسلے ( سائفر) کی اہمیت و مطابقت کو کم کرنے کیلئے بار بار اپنے پاؤں پر کلہاڑی چلائی۔ حکمران گروہ نے سائفر کے وجود سے انکار کیا تو کبھی اسے بےمعنی اور بے وقعت قرار دیا۔ سائفر کو منظرِعام پر لانے کا الزام چیئرمین پاکستان تحریک انصاف پر عائد کرنے کی کوشش کی ذریعے ایک اور حماقت کی گئی۔

مراسلے میں کہا گیا کہ لازم ہے کہ اس خفیہ مراسلے پر کی جاننے والی بحث و تمحیص کو اس کے ٹھیک تناظر میں رکھا جائے۔ تسلیم کیا جائے کہ فی الواقع پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی گئی۔ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت وزیراعظم چیئرمین تحریک انصاف کیخلاف تحریک عدمِ اعتماد پر منتج ہوئی۔

اعلامیے میں پاکستان تحریک انصاف نے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی جامع تحقیقات کیلئے ایک بااختیار اور اعلیٰ سطحی عدالتی کمیشن تشکیل دیا جائے۔ سائفر پر عدالتی کمیشن کی تحقیقات کو منظرِ عام پر لایا جائے۔

مزیدخبریں