واٹس ایپ صارفین کے لیے بری خبر، 31 دسمبر کے بعد ان تمام موبائلز پر یہ ایپ بند کر دی جائے گی

07:58 AM, 10 Dec, 2019

نیا دور
دنیا بھر میں واٹس ایپ کے کروڑوں صارفین ہیں جو پیغام رسانی کے لئے اس ایپلیکیشن کا استعمال کر رہے ہیں۔ واٹس ایپ صارفین کی تعداد میں روز بروز اضافہ بھی ہوتا جا رہا ہے لیکن آئندہ سال بہت سے صارفین اس ایپ کے استعمال سے محروم ہو جائیں گے۔

واٹس ایپ انتظامیہ کے مطابق ایسے تمام صارفین جو ونڈوز فون چلانے کے شوقین ہیں وہ خبردار ہو جائیں کیونکہ 31 دسمبر کے بعد ان کے موبائل فون پر یہ ایپ کام نہیں کرے گی۔ رپورٹس کے مطابق اس وقت مائیکروسافٹ سٹور پر یہ ایپ موجود ہے تاہم 31 دسمبر کے بعد اسے وہاں سے ہٹا دیا جائے گا۔

اس حوالے سے واٹس ایپ نے ونڈوز فون صارفین کو ایک پیغام بھی ارسال کیا ہے جس میں انہیں متنبہ کیا گیا ہے کہ آپ 31 دسمبر کے بعد اپنے موبائل فون پر واٹس ایپ کو استعمال نہیں کر پائیں گے۔

یہ بھی واضح رہے کہ آنے والے چند ماہ کے دوران واٹس ایپ کچھ اینڈرائڈ اور آئی فونز کے ماڈلز پر بھی کام کرنا بند کر دے گا۔

تفصیلات کے مطابق ایسے اینڈرائڈ فون صارفین جو اینڈرائڈ کا 2.3.7 ورژن یا اس سے پہلے والا ورژن استعمال کر رہے ہیں ان کے موبائل فون پر آئندہ برس یکم فروری سے واٹس ایپ کام نہیں کرے گا۔

اس کے علاوہ آئی فون کے ایسے صارفین جو آپریٹنگ سسٹم 8 یا اس سے پرانا ورژن استعمال کر رہے ہیں انہیں بھی یکم فروری سے واٹس ایپ کی سروس نہیں ملے گی۔
مزیدخبریں