سی سی پی او لاہور کا ایک اور سینئر افسر سے جھگڑا

08:24 AM, 10 Dec, 2020

نیا دور
سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے اپنا رویہ نہ بدلا اور پنجاب پولیس کے ایک اور سینئر افسر سے جھگڑا کر بیٹھے۔

عمر شیخ نے ایس ایس پی انویسٹی گیشن کے ساتھ میٹنگ میں نامناسب رویہ رکھا جس پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن میٹنگ چھوڑ کر چلے گئے۔

گزشتہ رات سی سی پی او نے اپوزیشن کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) جلسے میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی گرفتاریوں کے لیے بلارکھا تھا۔  اس دوران گرفتاریوں پر سوال اٹھانے پر تلخ کلامی ہوئی تاہم ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے بیچ بچاؤ کروایا۔ ایس ایس پی نے جھگڑے پر چارج چھوڑنے کا بھی فیصلہ کرلیا تھا۔

اس سے قبل اکتوبر میں عمر شیخ کا ایس پی سی آئی اے عاصم افتخار کمبوہ کے ساتھ ’جھگڑا‘ ہوا تھا جس پر ایس پی کا تبادلہ کردیا گیا تھا۔

عمر شیخ اور افتخار کمبوہ کے درمیان نوبت گالم گلوچ تک پہنچ گئی تھی اور سینئر افسران نے بیچ بچاؤ کروایا تھا۔ اس وقت بھی پی ڈی ایم جلسے سے متعلق اجلاس میں یہ تنازع ہوا تھا۔

سی سی پی او لاہور موٹروے ریپ کیس میں نامناسب بیان دینے پر بھی خبروں میں آگئے تھے اور انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
عمر شیخ کو سی سی پی او لاہور بنانے پر اس وقت کے آئی جی پنجاب شعیب دستگیر نے بھی اعتراض کیا تھا جس کے بعد عمر شیخ نے آئی جی پنجاب کے خلاف باتیں کیں۔ اس جھگڑے کا نتیجہ بھی یہ نکلا تھا کہ آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کی چھٹی کردی گئی تھی
مزیدخبریں