'دونوں کارڈ ہمارے ہاتھ میں ہیں، درست وقت پر کھیلیں گے'

02:20 PM, 10 Dec, 2022

نیا دور
پنجاب اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے دونوں کارڈ ہمارے ہاتھ میں ہیں۔ ہم اپنی ٹائمنگ پر کارڈ کھیلیں گے ۔ سب کو پتہ ہے کہ تیاری مکمل ہے۔

سینئر صحافی اور کالم نگار مزمل سہروردی نے 8 دسمبر کو شائع ہونے والے کالم میں مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز سے ملاقات کا احوال بتا دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سیاسی صورتحال اور گرما گرمی کے حوالے سے ان گنت سوالات لیے حمزہ شہباز سے ملاقات کے لئے

ملاقات میں حمزہ شہباز سے پوچھا کہ پنجاب اسمبلی بچانے کے لیے ن لیگ کے پاس کیا کارڈ ہیں۔ کیا گیم پلان ہے جس پر انہوں نے جواب دیا کہ جو بھی ہوگا پاکستان کے آئین وقانون کے اندر ہوگا۔ ہم  نے پہلے بھی کوئی غیرآئینی کام نہیں کیا۔

اعتماد کے ووٹ اور تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے حمزہ شہباز نے کہا کہ دونوں ہی آئینی آپشن ہیں لیکن سیاست میں ٹائمنگ اہم ہوتی ہے۔ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ درست وقت پر پاکستان مسلم لیگ ن اور  پی ڈی ایم کی قیادت ساتھ مل کر کوئی قدم اٹھائیں گے۔ جلدی کوئی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوئی طوفان نہیں آرہا۔ دونوں کارڈ ہمارے ہاتھ میں ہیں۔ اپنے وقت پر دونوں کارڈ اکٹھے بھی استعمال ہو سکتے ہیں۔ ایک ایک کر کے بھی استعمال ہو سکتے ہیں ۔ جلدی کوئی نہیں۔ ہم اپنی ٹائمنگ پر کارڈ کھیلیں گے۔ دونوں کی تیاری مکمل ہے۔ سب کو پتہ ہے کہ تیاری مکمل ہے۔ میں نے پی ڈی ایم کے ساتھیوں سے بھی ملاقات کی ہے۔ ان سے بھی تفصیلی مشاورت ہوئی ہے۔ سب تیار ہیں۔

چوہدری پرویز الہیٰ اور چوہدری مونس الہیٰ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری وہیں کھڑے جہاں ہمیشہ کھڑے ہوتے ہیں۔ وہ اپنی جگہ سے نہیں ہلے ہیں۔ انھوں نے اپنا سیاسی قبلہ کوئی تبدیل نہیں کیا۔ اب تو سب واضح ہو گیا ہے۔ دونوں نے کہہ دیا ہے کہ انھیں جنرل باجوہ نے عمران خان کی طرف بھیجا تھا۔

حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ ابھی تو ایک سچ سامنے آیا ہے۔ ہماری حکومت پنجاب میں کیسے ختم کی گئی۔ اس کے باقی سچ ابھی سامنے آنے ہیں۔
مزیدخبریں