سیلاب متاثرین کی بحالی اور تعمیر نو کیلئے امریکا  کا مزید 100 ملین ڈالر اضافی امداد کا اعلان

10:45 AM, 10 Jan, 2023

نیا دور
امریکا کی جانب سے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی اور تعمیر نو کے لئے 100 ملین ڈالر اضافی امداد کا اعلان کر دیا گیا۔ اعلان کردہ رقم خوارک، طبی امداد، زراعت اور انفرا اسٹریکچر کی تعمیر کیلئے استعمال ہوگی۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس کی جانب سے دیئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں گزشتہ برس کے تباہ کن سیلاب کے بعد سے امریکی حکومت انتظامیہ کے ساتھ مل کر بحالی میں معاونت، فوڈ سکیورٹی، آفات سے نمٹنے کی تیاری اور استعداد میں اضافے پر کام کر رہی ہے۔بحالی اور تعمیر نو کے لیے مزید 100 ملین ڈالر کا اعلان کر کے امریکا نے اپنی کُل امداد کو 200 ملین ڈالر تک پہنچا دیا ہے۔

نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت نے سو ملین ڈالر کی اضافی امداد کا اعلان کیا ہے جس کے ساتھ امداد میں ہمارا حصہ دو سو ملین ڈالر سے زائد ہوگیا ہے۔ حالیہ اعلان کردہ سو ملین ڈالر خوارک، طبی امداد، زراعت اور انفرااسٹریکچر کی تعمیر کیلئے استعمال ہوں گے اور امدادی رقم پاک امریکا گرین الائنس کے تحت دی جائے گی۔

امریکی محکمہ خارجہ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں متاثرین کی بحالی ایک مسلسل عمل ہے۔ جس کیلئے پاکستان کی مدد کیلئے تیار ہیں تاکہ مستقبل میں ایسی قدرتی آفات سے اپنے عوام کو محفوظ کیا جاسکے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پیر 9 جنوری کو جنیوا میں ہونے والی دو روزہ کانفرنس میں امریکا کی جانب سے پاکستان کیلئے مزید امداد کا اعلان کیا گیا تھا، امریکا سیلاب متاثرین بحالی کیلئے مزید 100ملین ڈالرز امداد فراہم کرے گا۔
مزیدخبریں