صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر کوہاٹ میں انڈس ہائی وے پر لاچی ٹول پلازہ اور چیک پوسٹ پر دہشتگردوں نے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکاروں سمیت 4 افراد شہید ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دہشتگردوں نے رات کے وقت بھاری ہتھیاروں سے اہلکاروں پر حملہ کیا۔
پولیس کے مطابق شہید اہلکاروں کی لاشیں ہسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔ شہید پولیس اہلکاروں میں امجد، جنید اور وقار شامل ہیں۔ حملے میں لکی مروت کا رہائشی نور محمد بھی شہید ہوگیا۔ دہشت گرد حملے میں شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائن کوہاٹ میں ادا کی جائے گی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ حملہ آور پہاڑے علاقے کے قریب ہی چھپے ہوئے ہیں، جلد ان کا خاتمہ کردیا جائے گا۔
گزشتہ روز 9 جنوری کو خیبر پختونخوا کے شہر بنوں میں انسداد پولیو ٹیم پر حملہ ہوا جس کے بعد پولیس اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 2 اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے تھے۔
قبل ازیں 8 جنوری کو باجوڑ کی تحصیل ماموند میں پولیو ٹیم کی سیکیورٹی کے لیے جانے والی پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں 7 پولیس اہلکار جاں بحق اور 27 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
7 جنوری کو خیبر پختونخوا کے ضلع کرم کے علاقے صدہ کے قریب تخریب کاروں کی مسافر کوچ اور گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جب کہ 3 زخمی ہوگئے تھے۔
4 جنوری کو خیبر پختونخوا کے علاقے باجوڑ کی تحصیل لوئی ماموند میں بم دھماکے کے نتیجے میں 2 بچے زخمی ہوگئے تھے۔