پیرس اولمپکس کوالیفائر: وفاقی حکومت نے قومی ہاکی ٹیم کیلئے خصوصی گرانٹ کا اعلان

پاکستان سپورٹس بورڈ نے قومی ٹیم کی میگا ایونٹس میں شرکت کا معاملہ اٹھایا تھا۔ جس پر کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 10 کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ کی منظوری دی تاکہ ہاکی کے معاملات کو چلایا جاسکے۔

12:58 PM, 10 Jan, 2024

ذیشان نواز

پاکستان ہاکی ٹیم کو پیرس اولمپکس سے قبل کوالیفائر کھیلنے کیلئے 6 کروڑ 25 لاکھ روپے کی خصوصی گرانٹ ملے گی۔

ذرائع کے مطابق پیرس اولمپکس کی تیاریوں کیلئے قومی ٹیم کا تربیتی کیپ اسلام آباد میں جاری ہے جبکہ کوالیفائرز رواں ماہ 15 جنوری سے عمان کے دارالحکومت مسقط میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں میں گول کیپرز عبداللہ اشتیاق، وقار، ارباز احمد، محمد عبداللہ، سفیان خان، مرتضیٰ یعقوب، عبدالمنان، عقیل احمد، معین شکیل، سلمان رزاق، عبدالحنان شاہد، غضنفر علی، عبدالرحمٰن جونیئر، زکریا حیات، رانا عبدالوحید اشرف اور ارشد لیاقت بھی شامل ہیں۔

ٹیم مینجمنٹ میں ہیڈ کوچ شہناز شیخ، کوچ، شکیل عباسی، اسسٹنٹ کوچ اولمپیئن دلاور حسین ، امجد علی گول کیپر کوچ، وقاص محمود فزیوتھرپسٹ اور محمد عمران خان فزیکل ٹرینر شامل ہیں۔

اولمپین کلیم اللہ کی سربراہی میں ناصر علی، رحیم خان اور لئیق لاشاری پر مشتمل سلیکشن کمیٹی نے حتمی ٹرائلز میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیکر اپنی سفارشات صدر پی ایچ ایف کو پیش کی تھیں جس کی روشنی میں اسکواڈ کی منظوری دی گئی۔

بعدازاں قومی ٹیم فائیو اے سائیڈ ہاکی ورلڈکپ میں بھی حصہ لے گی، جو جنوری کے تیسرے ہفتے میں شیڈول ہے۔

پاکستان سپورٹس بورڈ نے قومی ٹیم کی میگا ایونٹس میں شرکت کا معاملہ اٹھایا تھا۔ جس پر کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 10 کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ کی منظوری دی تاکہ ہاکی کے معاملات کو چلایا جاسکے۔

اسلام آباد میں 3 فروری سے پاکستان اور بھارت کے درمیان ڈیوس کپ ٹائی کے انتظامات کے اخراجات بھی برداشت کیے جائیں گے۔ وزیر اعظم کے پروگرام مائنڈ گیمز کیلئے بھی رقم مختص کی جائے گی۔

مزیدخبریں