نیا دور نیوز ڈیسک:۔
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا کہنا ہے کہ بطور سفیر تعیناتی کےدوران پاکستانی دوستوں کے ساتھ کام کیا، شراکت داری کے نئے باب میں داخل ہوئے، گزشتہ تین سالوں کے دوران بڑے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے مل کر کام کیا۔
اسلام آباد سے جاری کردہ اپنے الوداعی پیغام میں ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ ان چیلنجز میں کورونا، 2022کا تباہ کن سیلاب، لاکھوں افراد کی بحالی میں مددکی فراہمی شامل ہے، ہم نے روزگار کے مواقع پیدا کیے جس سے لوگوں کا معیار زندگی بہتر ہوا، ہم نے معیاری صحت اور تعلیم کے ذرائع بڑھائے، چائے پر گپ شپ اور قوالی کے فن کےمظاہروں سےکرکٹ کھیلنے تک، سب پُرلطف اور فخریہ تجربات رہے۔
الوداعی پیغام میں ڈونلڈ بلوم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ذہین ترین افراد سے ملاقات کی جن کا عزم اور تخلیقی صلاحیت مجھے مسلسل متاثر کرتے ہیں، پاکستان میں میری تعیناتی کا وقت ختم ہونے والا تھا تو میں روشنیوں کے شہر کراچی آنا چاہتا تھا۔
واضح رہے کہ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم اپنی سفارتی خدمات مکمل کرکے کل واپس امریکاروانہ ہو جائیں گے۔