وزیراعظم کے دورہ سے متعلق قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے، دفتر خارجہ

10:44 AM, 10 Jul, 2019

نیا دور

وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا سے متعلق صورتحال واضح نہ ہوسکی اور امریکی محکمہ خارجہ کےمطابق وائٹ ہاؤس نے تاحال وزیراعظم کے دورے کی تصدیق نہیں کی جب کہ پاکستان کے دفتر خارجہ نے مناسب وقت پر دورے سے آگاہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔


وائٹ ہاؤس میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان مورگن آرٹگھس نے بتایا کہ وائٹ ہاؤس نے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے دورہ کی ابھی تک تصدیق نہیں کی ہے۔


انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ امریکا کے حوالے سے میں نے بھی پڑھا ہے لیکن اس کی تصدیق اور ان کی ملاقات کی تفصیلات کے لیے وائٹ ہاؤس سے رابطہ کریں گے۔


ترجمان دفتر خارجہ کا بیان


دوسری جانب پاکستانی دفترِ خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے بھی اس حوالے سے بیان جاری کیا ہے۔


انہوں نے کہا کہ ’وزیراعظم کے دورہ سے متعلق قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے ، ہم امریکا کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں،  اس حوالے سے جو بھی طے پائے گا اس کا مناسب وقت پر باقاعدہ اعلان ہوگا‘۔


علاوہ ازیں وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کی تصدیق کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم 20 جولائی کو امریکا کے دورے کے لیے روانہ ہوں گے، امریکی حکام اپنے ضوابط پورا کرنے کے بعد اس سلسلے میں اعلان کردیں گے۔

واضح رہےکہ گزشتہ دنوں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے وزیراعظم کے دورہ امریکا کی تصدیق کی تھی اور بتایا تھا کہ وزیراعظم اور ٹرمپ کی ملاقات 22 جولائی کو ہوگی۔


 




مزیدخبریں